واحد اسلامی ملک جس نے کرونا خدشات کی وجہ سے اپنے شہریوں کو رواں سال حج ادا کرنے سے روک دیا

دنیا کے سب سے بڑے اسلامی ملک انڈونیشیا نے گزشتہ سال کی طرح رواں سال بھی اپنا حج پروگرام منسوخ کر دیا، سعودی حکومت کی جانب سے بھی تاحال حج پروگرام کا اعلان نہیں کیا گیا

muhammad ali محمد علی جمعرات 3 جون 2021 20:12

واحد اسلامی ملک جس نے کرونا خدشات کی وجہ سے اپنے شہریوں کو رواں سال ..
جکارتہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 جون2021ء) واحد اسلامی ملک جس نے کرونا خدشات کی وجہ سے اپنے شہریوں کو رواں سال حج ادا کرنے سے روک دیا۔ تفصیلات کے مطابق کرونا وبا کی وجہ سے رواں سال بھی معمول کے مطابق حج کے انعقاد کے امکانات ختم ہو چکے ہیں۔ سعودی حکومت کی جانب سے تاحال حج پروگرام کا اعلان نہیں کیا گیا، جبکہ دنیا کے سب سے بڑے اسلامی ملک نے اپنا حج پروگرام منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا۔

انڈونیشیا کی حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ کرونا وبا تاحال ٹل نہیں سکی، اسی باعث اپنے شہریوں کی صحت اور زندگی کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے حج پروگرام منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ رواں سال انڈونیشیا کا کوئی حاجی حج کیلئے سعودی عرب نہیں جا سکے گا۔ دوسری جانب پاکستان کے حوالے سے بھی تاحال واضح نہیں کہ رواں سال پاکستانی عازمین کو حج کی اجازت ملے گی یا نہیں۔

(جاری ہے)

وزارت مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق اگر دنیا بھر سے 60 ہزارافراد کو بھی حج کرنے کی اجازت ملی تو پاکستان کا کوٹہ 5 سے7 فیصد ہوسکتا ہے۔ اس صورت میں پاکستانیوں کو اس سال حج پر آنے والے اخراجات کے حوالے سے آگاہ کردیا گیا ہے۔ سیکریٹری مذہبی امور سردار اعجاز جعفر کہتے ہیں کہ پاکستان سے جانے والے حج عازمین کے 8 لاکھ روپے سے 10 لاکھ روپے تک اخراجات آئیں گے۔

حج کے حوالے سے پاکستان کی تیاریاں جاری ہیں ، اگرسعودی عرب کی حکومت نے حج کے لئے پاکستان سے عازمین کی اجازت دی تو 8 لاکھ روپے سے 10 لاکھ روپے تک اخراجات آئیں گے۔ سیکرٹری مذہبی امور سردار اعجاز جعفر نے بتایا ہے کہ سعودی عرب کورونا سے بچاؤ کیلئے تیار چینی ویکسین کو نہیں مان رہا ہے ، دیکھنا پڑے گا کہ سعودی حکومت حج کے حوالے سے کون سے فیصلے اور قواعد وضوابط جاری کرتی ہے۔

جبکہ ویکسین کے حوالے سے قومی ادارہ صحت نے پہلے مرحلے میں فائزر ویکسین عازمین حج کو لگانے کا فیصلہ کرلیا، فائزر ویکسین کی ایک لاکھ خوراکیں پاکستان کو مل چکی ہیں، اس کے بعد عوام کو ویکسین لگائی جائے گی، فائزر کی مزید خوراکیں جولائی سے اگست میں پاکستان پہنچیں گی۔ ذرائع قومی ادارہ صحت کے مطابق قومی ادارہ صحت نے پہلے مرحلے میں فائزر ویکسین عازمین حج کو لگانے کا فیصلہ کیا ہے ، فائزر کی ایک لاکھ ڈوزز کچھ روز قبل پاکستان پہنچی ہیں تاہم فائزر ویکسین کو فی الحال عوام کو لگانے کا فیصلہ نہیں ہوا ۔