امریکی، اسرائیلی وزرائے دفاع ملاقات، ایران کے روئیے، غزہ کی امداد پر تبادلہ خیال

یہ بات دہرانا چاہتا ہوں ہم انتظامیہ اسرائیل کی سلامتی کے حوالے سے پر عزم ہیں،امریکی وزیرخارجہ

جمعہ 4 جون 2021 15:15

تل ابیب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2021ء) اسرائیلی وزیر دفاع بینی گینٹز نے اپنے امریکی ہم منصب لائیڈ اوسٹن کے ساتھ ملاقات میں واشنگٹن اور تل ابیب کو درپیش مشترکہ چیلنجوں بالخصوص ایران کے حوالے سے بات چیت کی۔میڈیارپورٹس کے مطابق انہوں نے تہران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول سے روکنے کی ضرورت پر زور دیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق واشنگٹن میں ہونے والی اس ملاقات کے دوران میں لائیڈ اوسٹن نے باور کرایا کہ امریکا علاقائی خطرات کے خلاف اسرائیل کے اپنے دفاع کے حق کی حمایت کرتا ہے۔

اوسٹن کا کہنا تھا کہ میں یہ بات دہرانا چاہتا ہوں کہ امریکی انتظامیہ اسرائیل کی سلامتی کے حوالے سے پر عزم ہے۔ ہم اسرائیل کی منفرد عسکری برتری برقرار رکھنے اور علاقائی خطرات کے خلاف اسرائیل کے اپنے دفاع کی قدرت کو یقینی بنانے پر کاربند ہیں۔

(جاری ہے)

ان خطرات میں ایران، اس کے ایجنٹ اور دہشت گرد جماعتیں شامل ہیں۔ادھر امریکی وزیر خارجہ اینٹنی بلنکن نے واشنگٹن میں اسرائیلی وزیر دفاع بینی گینٹز کے ساتھ ملاقات میں غزہ کی پٹی کی تعمیر نو اور امداد کے پہنچنے کے طریقہ کار پر تبادلہ خیال کیا۔

دوسری جانب گینٹز نے خطے میں امن و استحکام کی واپسی کی اہمیت کو باور کرایا۔ انہوں نے چیلنجوں کا سامنا کرنے میں تل ابیب کی سپورٹ پر جو بائیڈن کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔اسی طرح گینٹز نے اپنے واشنگٹن کے دورے کے دوران میں امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سولیون سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں شخصیات نے باور کرایا کہ ایران کی جانب سے جارحیت پر مبنی معاندانہ کارروائیاں کو روکا جانا ،،، خطے میں علاقائی استحکام کی بنیاد ہے۔