پنجاب کا آئندہ مالی سال کا بجٹ نئے ایوان میں پیش کرنے کا فیصلہ

پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت کی تعمیر مکمل ہونے کے قریب ہے، ایوان میں 422 اراکین کے بیٹھنے کی گنجائش ہے، پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت میں اسپیکر ، وزیر اعلیٰ ، ڈپٹی اسپیکر اور اپوزیشن لیڈر کے دفاتر بھی قائم کیے گئے ہیں

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 4 جون 2021 18:29

پنجاب کا آئندہ مالی سال کا بجٹ نئے ایوان میں پیش کرنے کا فیصلہ
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 04 جون 2021ء ) صوبہ پنجاب کا آئندہ مالی سال کا بجٹ نئے ایوان میں پیش کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت کی تعمیر مکمل ہونے کے قریب ہے ، اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے نئی عمارت کی تعمیر کا جائزہ لینےکیلئے دورہ کیا ، جہاں اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کو نئی عمارت سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

بتایا گیا ہے کہ ایوان میں 422 اراکین کے بیٹھنے کی گنجائش ہے ، پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت میں اسپیکر ، وزیر اعلیٰ ، ڈپٹی اسپیکر اور اپوزیشن لیڈر کے دفاتر بھی قائم کیے گئے ہیں۔ دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان نے اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کی پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت کے افتتاح کی دعوت قبول کرلی ، حال ہی میں وزیراعظم اور مسلم لیگ ق کی اعلیٰ قیادت کے درمیان ایک ملاقات ہوئی، جس میں وزیراعظم عمران خان نے چوہدری شجاعت حسین کی تیمار داری کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی ، وفاقی وزیر برائے ہاوسنگ طارق بشیر چیمہ اور ایم این اے چوہدری مونس الہی کی ملاقات ہوئی ، جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ، ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر دفاع پرویز خٹک اور وزیر تعلیم شفقت محمود بھی موجود تھے۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی نے چوہدری شجاعت حسین کی تیمار داری کے لیے ان کی رہائشگاہ پر تشریف لانے پر وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا ، اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے چوہدری شجاعت حسین کی صحت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ، اسپیکر پنجاب اسمبلی نے وزیر اعظم کو پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت کے افتتاح کی دعوت دی ، وزیراعظم عمران خان نے چودھری پرویز الٰہی کی دعوت قبول کرلی ہے۔