فلسطینی قوم کے ساتھ تعلقات کو ازسرنومرتب کرنے کے لیے پرعزم ہیں،امریکہ

اسرائیلی اور فلسطینی سلامتی ، آزادی ، مواقع اور وقار کے مساوی اقدامات کے مستحق ہیں،وزیر خارجہ انٹنی بلنکن

ہفتہ 5 جون 2021 11:51

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2021ء) امریکی وزیر خارجہ انٹنی بلنکن نے کہا ہے کہ ان کا ملک فلسطینی عوام کے ساتھ اپنے تعلقات کو از سر نو مرتب کرنے کے لیے پرعزم ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق بلنکن نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹس میں کہا کہ اسرائیلی اور فلسطینی سلامتی ، آزادی ، مواقع اور وقار کے مساوی اقدامات کے مستحق ہیں۔

ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے امریکا میں یہود دشمنی کے بڑھتے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا اور یہود مخالف واقعات کی روک تھام کے اقدامات کے عزم کا اظہار کیا۔مئی میں بلنکن نے یروشلم میں امریکی قونص خانے کو دوبارہ کھولنے کے لیے امریکی عزم کا اعلان کیا تھا۔ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فلسطینیوں کے ساتھ تعلقات اور رابطے محدود کردئے تھے۔

(جاری ہے)

یہ بات قابل ذکر ہے کہ امریکی وزیر خارجہ انٹنی بلنکن نے واشنگٹن میں اسرائیلی وزیر دفاع بینی گینٹز سے ملاقات کی۔ بلنکن نے وضاحت کی کہ انہوں نے گینٹز سے غزہ کی تعمیر نو اور امداد کی فراہمی کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔گینٹز نے اپنی گفتگو میں خطے میں استحکام کی بحالی کی اہمیت پر زور دیا اور چیلنجوں کا سامنا کرنے میں تل ابیب کی حمایت کرنے پر بائیڈن انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔گینٹز نے واشنگٹن کے دورے کے دوران امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان سے بھی ملاقات کی اور دونوں رہ نمائوں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ایران کے جارحانہ اقدامات کو روکنے اور خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے کی ایرانی ریشہ دوانیوں کا مل کر مقابلہ کرنے کا عزم کیا۔