Live Updates

سینیٹ کی تمام قائمہ کمیٹیوں کے چیئرمین مقرر کر دیئے گئے

سینیٹر طلحہٰ محمود سینیٹ کی کمیٹی برائے فنانس اور ریونیو ‘سلیم مانڈوی والا پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ‘ اعجاز چوہدری قائمہ کمیٹی برائے وزارت انسدادمنشیات‘ پروفیسر ساجد میر کمیٹی برائے کشمیر کے چیئرمین مقرر

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 5 جون 2021 13:11

سینیٹ کی تمام قائمہ کمیٹیوں کے چیئرمین مقرر کر دیئے گئے
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔05 جون ۔2021ء) سینیٹ کی تمام قائمہ کمیٹیوں کے چیئرمین مقرر کر دیئے گئے جمعیت علمائے اسلام( ف) کے سینیٹر طلحہٰ محمود سینیٹ کی کمیٹی برائے فنانس اور ریونیو کے چیئرمین مقرر ہوئے ہیں. پیپلز پارٹی کے سلیم مانڈوی والا پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ کمیٹی کے چیئرمین، تحریک انصاف کے سینیٹر محسن عزیز کمیٹی برائے داخلہ کے چیئرمین مقرر ہوئے ہیں بلوچستان عوامی پارٹی کے پرنس احمد عمر احمزئی سینیٹ کمیٹی برائے مواصلات کے چیئرمین جبکہ پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان قائمہ کمیٹی برائے وزارت خارجہ کی چیئرمین ہوں گی.

(جاری ہے)

سینیٹ کمیٹی برائے صنعت و پیداوار کے چیئرمین ایم کیو ایم کے سینیٹر فیصل سبزواری، قائمہ کمیٹی برائے توانائی کے چیئرمین تحریک انصاف کے سینیٹر سیف اللہ ابڑو ہوں گے. سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کے چیئرمین پیپلز پارٹی کے سینیٹر تاج حیدر، کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کے چیئرمین پیپلز پارٹی ہی کے سینیٹر رضا ربانی قائمہ مقرر کیئے گئے ہیں .

تحریک انصاف کے سینیٹر اعجاز چوہدری قائمہ کمیٹی برائے وزارت انسدادمنشیات کے چیئرمین، جبکہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے چیئرمین سینیٹر کہدہ بابر ہوں گے سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار کے چیئرمین سینیٹر دلاور خان، کمیٹی برائے تعلیم و تربیت کے چیئرمین مسلم لیگ نون کے سینیٹر عرفان صدیقی ہوں گے. سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے وزارت ہاﺅسنگ اینڈ ورکس کے چیئرمین سینیٹر حاجی ہدایت اللہ خان کمیٹی برائے کشمیر افیئرکے چیئرمین سینیٹر پروفیسر ساجد میر جبکہ کمیٹی برائے وزارت ہیلتھ سروسز کے چیئرمین تحریک انصاف کے سینیٹر ہمایوں خان مہمند مقرر ہوئے ہیں.

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات