سعودیہ میں انوکھی واردات، ملزمان نے موبائل چوری کی ویڈیو بنا کر خود ہی شیئر کر دی

ریاض پولیس نے یہ ناقابل یقین حرکت کرنے والے ملزمان کو گرفتار کر لیا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 5 جون 2021 14:04

سعودیہ میں انوکھی واردات، ملزمان نے موبائل چوری کی ویڈیو بنا کر خود ..
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔5 جون 2021ء) دُنیا بھر میں ہر روز چوری کی لاکھوں وارداتیں ہوتی ہیں جن میں سے زیادہ تر وارداتوں میں ملوث افراد پکڑے جاتے ہیں اور ان کے خلاف کارروائی بھی ہوتی ہے۔ ہر چوری اورڈکیتی کی واردات کرنے والے شخص کی پوری کوشش ہوتی ہے کہ وہ اتنی ہوشیاری سے کام لے کہ کوئی اسے پکڑ نہ سکے۔ مگر سعودی عرب میں پانچ افراد نے ایسی انوکھی واردات کی کہ پولیس بھی پریشان ہو گئی۔

ان افراد نے اپنی واردات کی خود ہی ویڈیو بنائی اور پھر اسے سوشل میڈیاپر پوسٹ بھی کر دیا۔ جس کی مدد سے پولیس نے ان تمام ملزمان کو با آسانی گرفتار کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سعودی دارالحکومت ریاض میں ایک خاتون کا موبائل فون چوری کرنے والے پانچ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے جن میں سے چار مقامی باشندے ہیں جبکہ پانچواں یمنی باشندہ ہے۔

(جاری ہے)

ریاض پولیس کے ترجمان کے مطابق ایڈونچر کے شوقین ان افراد نے ایک مصروف مقام پر موجود خاتون کا موبائل فون چُرایا اور پھر قریب ہی کھڑی اپنی گاڑی میں بیٹھ کر فرار ہو گئے تھے۔ اس واردات کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر ملزمان نے پوسٹ کی، جس سے ان کی فوری گرفتاری میں بڑی مدد ملی۔ ملزمان نے واردت میں جو گاڑی استعمال کی تھی، وہ چوری کی تھی۔ پولیس نے پانچوں ملزمان کو ان کے ٹھکانوں پر چھاپہ مار کر گرفتار کر لیا ہے۔

اور ان کے قبضے سے چوری کیا گیا موبائل اور کاربھی برآمد کرلی ہے۔ واضح رہے کہ دو روز قبل ریاض پولیس نے 8 افراد کا گینگ پکڑ لیا ہے جس میں پانچ پاکستانی اور 3 افغانی شامل ہیں۔ یہ گینگ خود کو پولیس اہلکار ظاہر کر کے درجنوں افراد سے لاکھوں ریال لوٹ چکے تھے۔ ان پاکستانی و افغانی جرائم پیشہ افراد نے تازہ ترین واردات ایک پاکستانی کے ساتھ کی تھی۔

جو ایک کمپنی کے دفتر میں ملازم کرتے تھے۔ یہ ڈکیت گینگ سیکیورٹی اہلکاروں کے روپ میں ایک بینک کے باہر گھات لگائے بیٹھا تھا۔جونہی پاکستانی ملازم رقم لے کر باہر نکلا تو تھوڑی دور جا کر ان ڈکیتوں نے اسے ڈرا دھمکا کر اس کے پاس موجود کمپنی کی 4 لاکھ 15 ہزار ریال کی رقم لوٹ لی تھی۔ واردات کرنے والوں کی عمریں 22 سے 40 سال کے درمیا ن تھیں۔ پولیس نے لاکھوں ریال کی اس واردات میں ملوث گینگ کو پکڑنے کے لیے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی۔

جس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے گینگ کے تمام افراد کا سراغ لگا کر ان کے ٹھکانوں سے گرفتار کر لیا اور ان سے لوٹی ہوئی رقم بھی بازیاب کرا لئی۔ ریاض پولیس کے ریجنل ترجمان میجر الکریدیس نے بتایا کہ ملزمان کے خلاف لوٹ مار اور خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرنے کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ اور عدالت میں پیش کرنے کے لیے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا ہے۔