فلسطینیوں کی دفاعی صلاحیت حیران کن ،اسرائیل حماس کا کچھ نہیں بگاڑ سکا،روس

اسرائیل کا خیال تھا کہ وہ شدید بمباری سے غزہ میں حماس کی عسکری صلاحیت کو تباہ کردے گا،نائب وزیرخارجہ

ہفتہ 5 جون 2021 14:22

ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2021ء) روس کے نائب وزیر خارجہ میخائل بوگدانوف نے کہا ہے کہ قابض اسرائیلی فوج غزہ کی پٹی میں بم باری کے دوران اسلامی تحریک مزاحمت حماس کی عسکری صلاحیت کو زیادہ نقصان نہیں پہنچا سکی۔ فلسطینی مزاحمت کاروں کی دفاعی صلاحیت حیران کن ہے جنہوں نے راکٹوں سے اسرائیل کے نئے علاقوں کو نشانہ بنا کر اپنی دفاعی کار کردگی کا ثبوت پیش کیا ہے۔

(جاری ہے)

میڈیارپورٹس کے مطابق ایک انٹرویو میں روسی نائب وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اسرائیل کا خیال تھا کہ وہ شدید بمباری سے غزہ میں حماس کی عسکری صلاحیت کو تباہ کردے گا مگر اسرائیل اپنے اس مشن میں کامیاب نہیں ہوا ہے۔خیال رہے کہ بوگدانوف روسی صدر ولادی میر پوتین کے مشرق وسطی اور شمالی افریقا کے خطے کے لیے خصوصی ایلچی ہیں۔انہوں نے بین الاقوامی اقتصادی فورم سے خطاب میں کہا تھا کہ فلسطینی تنظیموں حماس اور تحریک فتح کی قیادت عن قریب ماسکو کا دورہ کرے گی۔