سرگودھا ،سوئی نادرن گیس کی شہر بھر میں لوڈشیڈنگ ،کم پریشر کے باعث گھریلو صارفین کی زندگی اجیرن ہو گئی

ہفتہ 5 جون 2021 15:24

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2021ء) سرگودھا میں سوئی نادرن گیس کی شہر بھر میں لوڈشیڈنگ اور کم پریشر کے باعث گھریلو صارفین کی زندگی اجیرن ہو گئی۔زرائع کے مطابق سرگودھا میں مقام حیات سمیت شہر بھر کی آبادیوں میں سوئی نادرن گیس کی جانب سے لوڈ شیڈنگ اور کم پریشر کے باعث اڑھائی سال سے گھریلو صارفین پریشانی کا شکار رہے جس میں اب مزید شدید آنے سے صارفین کی زندگی اجیرن ہو گئی اور گھریلوخواتین سمیت ہوٹلز لکڑیوں کی آگ پر کھانا تیار کرنے پر مجبور ہو گے۔

صارفین کا کہنا ہے کہ سرگودھا میں گیس کی بندش،لوڈشیڈنگ اور پریشر میں کمی میں ہر گزرتے دن کے ساتھ شدت اختیار کر گئی۔جس کے باعث گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہونے سے خواتین کھانا تیار کرنے کیلئے لکڑیوں کی آگ جلانے پر مجبور ہو ہیں جن کا کہنا ہے کہ سرگودھا کے صارفین کو مسلم لیگ ن کو ووٹ دینے کی سزا کے طور پر گیس بندش اور پریشر میں کمی کے ساتھ ساتھ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کر کے انتقامی کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے لیکن ایسے اقدامات سے آنے والے آئندہ انتخابات میں بھی حکومتی پارٹی کو ووٹ نہیں ملیں گے۔

(جاری ہے)

صارفین نے بتایا کہ وہ حالات سے تنگ مہنگے داموں لکڑیاں اور سلنڈر گیس خرید کر استعمال پر مجبور ہیں۔انہوں نے کہا سرگودھا میں محکمہ سوئی گیس کے حکام کی مبینہ غفلت ، لاپرواہی کے باعث شہر بھر میں گیس کا ایشو شدت اختیار کر چکا ہے اگر شہریوں کی مشکلات کا ازالہ نہ کیا گیا تو وہ ریجنل آفس کا گھیراؤ اور افسران کا راستہ روکنے کے راست اقدام سے گریز نہیں کریں گے۔اس لئے ارباب اختیار سوئی گیس کی مصنوعی قلت کے خاتمہ کیلئے عملی اقدامات اٴْٹھائیں تاکہ عوام کے درپیش مسائل کا خاتمہ ہو سکے۔