ملالہ اور میرا موازنہ نہ کیا جائے،اے پی ایس حملے میں زخمی ولید خان کی پاکستانیوں سے درخواست

ہفتہ 5 جون 2021 17:56

ملالہ اور میرا موازنہ نہ کیا جائے،اے پی ایس حملے میں زخمی ولید خان کی ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2021ء) دسمبر 2014 میں خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے آرمی پبلک اسکول (اے پی ایس) میں دہشتگردوں کے حملے میں 6 گولیاں لگنے کے باوجود خوش قسمتی سے بچ جانے والے ولید خان نے پاکستانیوں سے گزارش کی ہے کہ ان کا موازنہ ملالہ یوسف زئی سے نہ کیا جائے۔تفصیلات کے مطابق ولید خان اور ملالہ یوسف زئی کا موازنہ گزشتہ چند دنوں میں اس وقت کیا جانے لگا جب کہ نوبیل انعام یافتہ کارکن سے متعلق خبریں آئیں کہ وہ برطانوی فیشن میگزین ’ووگ‘ کے جولائی کے شمارے کی سرورق کی زینت بنیں گی۔

ہی ملالہ یوسف زئی کے ’ووگ‘ کو دیے گئے انٹرویو میں ان کی جانب سے شادی سے متعلق متعلق کہی گئی متنازع بات کے بعد لوگوں نے نوبیل انعام یافتہ کارکن کا موازنہ ولید خان سے کرنا شروع کردیا تھا۔

(جاری ہے)

سوشل میڈیا پر متعدد افراد نے ولید خان اور ملالہ یوسف زئی کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے ان میں موازنہ کرنا شروع کردیا۔سوشل میڈیا پوسٹس میں بتایا گیا کہ کہ ملالہ یوسف زئی ایک دہشت گرد حملے کے بعد ملک سے باہر چلی گئیں اور اب برطانیہ میں مقیم ہے جب کہ ولید خان گولیاں کھانے کے باوجود پاکستان میں مقیم ہیں اور اسی اسکول میں جاکر تعلیم حاصل کر رہے ہیں جہاں ان پر حملہ کیا گیا تھا۔

ایسے موازنے کے بعد ولید خان نے اپنی متعدد ٹوئٹس میں لوگوں سے التجا کی کہ ان کا اور ملالہ یوسف زئی کا موازنہ نہ کیا جائے اور یہ کہ وہ بھی علاج کی غرض سے برطانیہ میں ہی مقیم ہیں اور وہیں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ولید خان نے اپنی ایک ٹوئٹ میں لوگوں سے اپیل کی کہ ان کا اور ملالہ کا موازنہ نہ کیا جائے، کیوں کہ نوبیل انعام یافتہ کارکن ان سمیت دنیا اور ملک بھر کے لاکھوں نوجوانوں کی آئیڈیل ہیں۔

انہوں نے اپنی ایک ٹوئٹ میں لکھا کہ ملالہ یوسف زئی کا خاندان ان کے اپنے خاندان کی طرح ہے اور انہوں نے ان کا اسی سفر میں ساتھ بھی دیا۔ولید خان نے لکھا کہ ہم سب کو ان افراد پر فخر کرنا چاہیے جو ملک کا نام روشن کر رہے ہیں، نا کہ ان افراد کا آپس میں موازنہ کریں۔ ولید خان نے اپنی ٹوئٹ میں وضاحت کی کہ وہ پاکستان میں نہیں بلکہ برطانوی شہر برمنگھم میں اپنے علاج کے لیے موجود ہیں اور وہیں وہ اپنی تعلیم بھی حاصل کر رہے ہیں۔انہوں نے تمام افراد سے درخواست کی کہ برائے مہربانی کرکے ان کا اور ملالہ یوسف زئی کا آپس میں موازنہ نہ کیا جائے۔