Live Updates

اپوزیشن سے بہتر تعلقات چاہتے ہیں، اصلاحات پر ساتھ دیں

تنکوں کی طرح بکھری ہوئی اپوزیشن ہے،حکومت کو کوئی خطرہ نہیں،فواد چوہدری

Sajjad Qadir سجاد قادر اتوار 6 جون 2021 08:14

اپوزیشن سے بہتر تعلقات چاہتے ہیں، اصلاحات پر ساتھ دیں
اسلام آباد (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین 06 جون 2021ء) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ہم اپوزیشن کے ساتھ تعلقات میں بہتری چاہتے ہیں لہٰذا انتخابی اصلاحات اور عدالتی اصلاحات پراپوزیشن حکومت کے اقدامات کا ساتھ دے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ مریم نے اپنی پارٹی پیپلزپارٹی اور بلاول نے اپنی پارٹی (ن) لیگ کے حوالے کردی تھی، اب لگتا ہے دونوں جماعتوں میں طلاق ہوگئی ہے جب کہ مولانا فضل الرحمان نکاح وغیرہ کرایا کریں سیاست ان کے بس کی بات نہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ تنکوں کی طرح بکھری ہوئی اپوزیشن ہے، ہم اپوزیشن کے ساتھ تعلقات میں بہتری چاہتے ہیں، انتخابی اصلاحات اور عدالتی اصلاحات پراپوزیشن حکومت کے اقدامات کا ساتھ دے، (ن) لیگ اورپیپلزپارٹی کو انتخابی اصلاحات پرحکومت سے بات کرنی چاہیے لہٰذا شہباز شریف اپنا ترجمان مقررکریں اورانتخابی اصلاحات پرحکومت سے بات کریں۔

(جاری ہے)

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ عمران خان کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دیں گے، جہانگیرترین سمیت تمام اراکین وزیراعظم کے ویژن کے ساتھ ہیں، جہانگیرترین کا دھڑا پی ٹی آئی کے ساتھ ہے اور پی ٹی آئی کے لوگ جہانگیرترین کے کھانوں میں ذاتی تعلق کی وجہ سے جاتے ہیں۔

فواد چوہدری نے بجٹ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ بجٹ ہماری پچھلے سالوں کی کارکردگی کا عکاس ہوگا، ترقیاتی بجٹ میں اضافہ کیا جارہا ہے اور یہ عوامی فلاح کا بجٹ ہے، وفاق اورصوبوں میں آسانی سے منظور ہوجائے گا۔ان کا کہنا تھاکہ الیکشن کمیشن الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے متعلق آگاہ کرے اور اگرکوئی نقص ہے تو بتائے، الیکشن کمیشن سے ملاقات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر زوردیا جائے گا۔ایک سوال کے جواب میں وزیراطلاعات نے کہا کہ خورشید شاہ نے جتنا ملک کے ساتھ ظلم کیا ہے ان کو ڈیڑھ سو سال جیل میں رکھنا چاہیے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات