امریکی ہوائی کمپنی سپر سونک مسافر بردار طیارے خریدے گی

ہرپرواز کا دورانیہ نصف ہو کر رہ جائے گا، مسافرنیو یارک سے لندن ساڑھے تین گھنٹے میں پہنچ جائیں گے،ہوائی کمپنی

اتوار 6 جون 2021 12:30

امریکی ہوائی کمپنی سپر سونک مسافر بردار طیارے خریدے گی
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جون2021ء) ایک امریکی ہوائی کمپنی نے اپنی کمرشل پروازوں کے لیے اتہائی تیز رفتار سپر سونک طیارے خریدنے کا اعلان کیا ہے۔ اس طرح ہر پرواز کا دورانیہ نصف ہو کر رہ جائے گا۔ نیو یارک سے لندن کی پرواز صرف ساڑھے تین گھنٹے کی ہو جائے گی۔میڈیارپورٹس کے مطابق بڑی امریکی ہوائی کمپنی یونائیٹڈ ایئر لائن نے اعلان کیا کہ وہ اپنے کمرشل طیاروں کے وسیع نیٹ ورک میں سپر سونک ہوائی جہازوں کو شامل کرے گی۔

اس کا مقصد مختلف پروازوں کے دورانیے میں کمی لانا ہے۔ یونائیٹڈ ایئر لائن کی سپر سونک ہوائی جہازوں پر مشتمل پروازوں کا سلسلہ سن 2029 میں شروع ہو گا۔ یونائیٹڈ ایئر لاین کی پروازیں دنیا کے پانچ سو مقامات تک جاتی ہیں۔یونائیٹڈ ایئر لائن کے مطابق مسافر بردار سپر سونک کمرشل طیاروں کا معاہدہ بومز اورچر ایئر لائنر کے ساتھ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

یہ ادارہ پہلی پرواز کے لیے اولین ہوائی جہاز سن 2029 میں فراہم کرے گا۔

یہ بھی بتایا گیا ہے کہ طیارے اسی وقت حاصل کیے جائیں گے جب وہ سیفٹی کے تمام ضوابط پر پورے اتریں گے۔اس کے علاوہ ان کی پائیداری اور آپریشن کی ضروریات کو بھی پرواز سے قبل مکمل طور پر جانچا اور پرکھا جائے گا۔ ان تمام ضوابط کے سو فیصد مناسب ہونے کی صورت میں پینتیس طیارے خریدے جائیں گے۔سپر سونک طیاروں کی کمرشل پروازوں سے وقت کی بچت ہو گی۔ ہر پرواز کا دورانیہ نصف ہو کر رہ جائے گا۔ نیو یارک سے لندن کی پرواز صرف ساڑھے تین گھنٹے کی ہو جائے گی۔ اسی طرح سان فرانسیسکو سے جاپانی دارالحکومت ٹوکیو کی پرواز صرف چھ گھنٹے کی رہ جائے گی۔ بومز اورچر ایئر لائنر کی ایک پرواز پینسٹھ سے اٹھاسی مسافروں پر مشتمل ہو گی اور اس کا انداز آج کے دور کی پروازوں کی فرسٹ کلاس جیسا ہو گا۔

متعلقہ عنوان :