فرانس میں لبنان کے مرکزی بنک کے سربراہ ریاض سلامہ کی کثیر ذاتی دولت کی تحقیقات

منی لانڈرنگ اور مجرمانہ سرگرمی کے الزامات کی تحقیقات الگ سے سوئٹزرلینڈ میں بھی کی جارہی ہے ،فرانسیسی ذرائع

پیر 7 جون 2021 12:40

پیرس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جون2021ء) فرانس میں حکام نے لبنان کے مرکزی بنک کے گورنر ریاض سلامہ کی کثیر ذاتی دولت کی تحقیقات شروع کردی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق فرانسیسی ذرائع نے بتایاکہ پیرس کے مالیاتی پراسیکیوٹرز نے ریاض سلامہ کی منی لانڈرنگ اور مجرمانہ سرگرمی کی ابتدائی تحقیقات کا آغازکردیا ،ان کے خلاف ان ہی الزامات کے تحت سوئٹزرلینڈ میں بھی تحقیقات کی جارہی ہے۔

70سالہ ریاض سلامہ 1993 سے لبنان کے مرکزی بنک کے سربراہ چلے آرہے ہیں۔

(جاری ہے)

لبنان کے نگران وزیراعظم حسان دیاب کی حکومت انھیں متعدد مرتبہ لبنانی پانڈکی قدر میں مسلسل کمی اور ملکی کرنسی کی زبوں حالی کا ذمے دارقرار دے چکی ہے۔لبنانی عوام کو شبہ ہے کہ ریاض سلامہ اور دوسرے اعلی عہدے داروں نے 2019 میں حکومت مخالف احتجاجی مظاہروں کے دوران میں مرکزی بنک سے بھاری رقوم کو بیرون ملک منتقل کردیا تھا جبکہ عام لوگوں کو بنکوں سے رقوم نکلوانے یا بیرون ملک منتقل کرنے سے روک دیا گیا تھا۔

ایک لبنانی ویب گاہ کے مطابق درخواست گزاروں کو یقین ہے کہ ریاض سلامہ کی دنیا بھرمیں اثاثوں کی مالیت دو ارب ڈالرز سے زیادہ ہے تاہم وہ ان اعدادوشمارکی صحت سے انکاری ہیں اور اپنے خلاف عاید کردہ الزامات کی تردید کرتے ہیں۔