مودی کے زیر قیات بھارت عالمی برادری کیلئے بڑا خطرہ بنتا جارہا ہے

بھارت میںانتہائی تابکاری والے مواد یورینیم کی برآمدگی کا ایک اور واقعہ

پیر 7 جون 2021 12:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جون2021ء) مودی کے زیر قیات بھارت عالمی برادری کے لئے مسلسل ایک بڑا خطرہ بنتا جارہا ہے کیوںکہ صرف دو ہفتوں کے اندر بھارت کی ریاست جھارکھنڈ میں انتہائی تابکاری والے مواد یورینیم کی بھاری مقدار میں سمگلنگ کا ایک اور واقعہ سامنے آیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ یورینیم رکھنے اوراسے بلیک مارکٹ میں فروخت کرنے کی منصوبہ بندی پرجھارکھنڈ پولیس نے 7 افراد کو گرفتار کیا ہے۔

جھارکھنڈ میں یورینیم کی غیر قانونی فروخت بھارت میں رواں سال انتہائی تابکاری والے مواد کی برآمدگی کا دوسرا واقعہ ہے۔ مہاراشٹر پولیس نے رواں سال مئی میں 2 افراد سی29لاکھ ڈالرمالیت کی یورینیم برآمد کرکے ان کو گرفتارکیا تھا۔

(جاری ہے)

1994 سے بھارت میں اعلی معیارکے یورینیم کی برآمدگی کے 12 واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔بھارت میں یورینیم کی غیر قانونی تجارت کے بارے میں خبریں شدید تشویش کا معاملہ ہے کیونکہ بھارتی حکومت اس پر اپنا کنٹرول تقریبا کھو چکی ہے اور اگرایسا نہیں ہے تو یورینیم چوری کے واقعات کو نظرانداز کررہی ہے۔

تازہ واقعے سے اس تاثر کو مزید تقویت ملتی ہے کہ بھارت نے اپنی ایٹمی تنصیبات کے لئے سخت حفاظتی اقدامات نہیں کیے ہیں۔ رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ کمزور نیوکلیئر سیفٹی سٹیٹس کے باوجود بھارت اب بھی ایٹمی سپلائرز گروپ کی رکنیت حاصل کرنے کی کوشش کررہاہے۔ اس طرح کے کمزور نیوکلیئرسیکورٹی نظام کے ساتھ بھارت حقیقت میں این ایس جی میں شامل ہونے کی اہلیت نہیں رکھتا۔

رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ امریکہ، فرانس اور ایٹمی صلاحیت کے حامل دیگر ممالک کو غیر ذمہ دار بھارت کو سول ایٹمی ٹیکنالوجی فراہم کرنے پر دوبارہ سوچنا چاہیے کیونکہ مودی حکومت کے غیر ذمہ دارانہ رویے نے عالمی سلامتی کے لئے خطرات پیدا کئے ہیں ۔ رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ بین الاقومی ایٹمی توانائی ایجنسی کو ایٹمی موادکے حوالے سے غیر ذمہ دارانہ رویے پربھارت کے خلاف پابندیاں عائد کرنی چاہیے۔