کورونا ویکسین لگوانے سے روکنے والے جاہل ہیں

وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی حافظ طاہر اشرفی اور رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین کی عوام سے ویکسین لگوانے کی اپیل

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 7 جون 2021 14:05

کورونا ویکسین لگوانے سے روکنے والے جاہل ہیں
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07 جون 2021ء) : وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی حافظ طاہر اشرفی اور رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین نے ایک مرتبہ پھر عوام سے ویکسین لگوانے کی اپیل کر دی۔ تفصیلات کے مطابق ایکسپو ویکسی نیشن سینٹرمیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ کورونا ویکسین میں کوئی غیر شرعی چیز نہیں ہے، اس حوالے سے علمائے کرام کا فتویٰ بھی موجود ہے کہ کورونا ویکسین ضرور لگوائیں۔

حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ کورونا ویکسین لگوانے سے روکنے والے جاہل ہیں، بڑے بڑے علمائے کرام نے بھی ویکسین لگوا لی ہے۔ جبکہ چیئرمین مرکزی روایت ہلال کمیٹی مولاناعبدالخبیر آزاد نے بھی عوام سے ویکسین لگوانے کی اپیل کی اور کہا کہ عوام جلد از جلد ویکسین لگوائیں اور اپنے پیاروں کو کورونا کی وبا سے بھی بچائیں۔

(جاری ہے)

علمائے کرام نے میڈیا سے بھی ویکسین لگوانے کے لیے عوام میں آگاہی پیدا کرنے کی اپیل کی۔

یاد رہے کہ پاکستان بھر میں کورونا وائرس کے وار تاحال جاری ہیں جبکہ عوام کو ویکسین لگانے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ کورونا وائرس کی ویکسین کے حوالے سے کئی مرتبہ پراپیگنڈہ کیا گیا جس کے بعد حکومت نے کورونا ویکسین لگوانے کی ترغیب کے لیے علمائے کرام کی خدمات لینے کا فیصلہ بھی کیا تھا۔ اس ضمن میں علمائے کرام کی جانب سے 4 جون کو جمعہ کے خطبہ میں کورونا ویکسین لگوانے کے حوالے سے خصوصی تلقین کی گئی۔

جب کہ علمائے کرام کی جانب سے اعلانات کا یہ سلسلہ آئندہ کے خطبات میں بھی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ ملک بھر میں ایڈلٹ ویکسینیشن مراکز قائم کیے جا چکے ہیں اور ویکسینیشن کا تمام تر عمل ڈیجیٹل میکنزم سے کنٹرول کیا جارہا ہے۔ ویکسینیشن کے لیے پنجاب میں 189 اور سندھ میں 14 مراکز قائم کیے گئے ہیں جبکہ خیبر پختونخوا میں 280، بلوچستان میں 44 اور اسلام آباد میں 14 ویکسینیشن سینٹر قائم کیے جا چکے ہیں۔ آزاد کشمیر میں 25 اور گلگت بلتستان میں بھی 16 مراکز کے ذریعے ویکسینیشن کی جا رہی ہے۔