عثمان قادر نے عمران طاہر کی مدد سے نئی ڈیلیوری سیکھ لی

مارچ میں پی ایس ایل 6 کے دوران عمران طاہر کی مدد سے ’سلائیڈر‘ ڈیلیوری کرنی سیکھی تھی: لیگ سپنر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 7 جون 2021 14:21

عثمان قادر نے عمران طاہر کی مدد سے نئی ڈیلیوری سیکھ لی
ابوظہبی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 7 جون 2021ء ) لیگ سپنر عثمان قادر کا کہنا ہے کہ انہیں پی ایس ایل 6 میں شرکت کرنے والے پروٹیز سپنر عمران طاہر سے بہت کچھ سیکھنے کو مل رہا ہے۔ ایک انٹرویو میں عثمان قادر نے کہا کہ انہوں نے مارچ میں پی ایس ایل 6 کے دوران عمران طاہر کی مدد سے ’سلائیڈر‘ بولنگ کرنی سیکھی تھی۔ عثمان قادر کا کہنا تھا کہ میں نے اس سال مارچ میں پی ایس ایل ملتوی ہونے کے بعد عمران طاہر بھائی کے ساتھ پریکٹس کی تھی کیونکہ وہ پاکستان سے واپس نہیں جاسکے تھے، میں نے اس دوران ان سے بہت کچھ سیکھا، میں نے اپنی رن اپ کو بھی تھوڑا سا تبدیل کیا جو آپ زمبابوے سیریز کے دوران دیکھ چکے ہوں گے، اب اپنے رن اپ پر میرا بہت زیادہ کنٹرول ہے اور اس سے مجھے بہت زیادہ آرام ملتا ہے، میرا رن اپ اب تقریبا عمران طاہر جیسا ہی ہے۔

(جاری ہے)

عثمان قادر نے کہا کہ جنوبی افریقہ کیخلاف آخری ون ڈے میں جون جون سمٹس کو میں نے جو سلائیڈر کیا تھا وہ عمران طاہر بھائی سے سیکھا تھا، میں اسے مزید بہتر بنانے کے لیے کام کر رہا ہوں، جب میں اس سلائیڈر پر مکمل کنٹرول پا لوں گا تو آپ مجھے مزید اسے میچ میں استعمال کرتے ہوئے دیکھ سکیں گے۔ ملتان سلطانز کے لیگ سپنر نے تجربہ کار آل راؤنڈر شاہد آفریدی کی عدم موجودگی پر بھی روشنی ڈالی ۔

ان کا کہنا تھا کہ شاہد آفریدی تجربہ کار کھلاڑی ہیں اور ہم سکواڈ میں ان کی غیر موجودگی کو شدت سے محسوس کریں گے ،ہم گذشتہ روز اپنے پریکٹس سیشن کے دوران بھی اسی چیز پر تبادلہ خیال کر رہے تھے۔ ان کے نہ ہونے سے ٹیم کا مورال بھی متاثر ہوگا کیونکہ وہ گیم چینجر ہیں، امید ہے کہ وہ جلد ہی فٹ ہوجائیں گے ۔