واحد اسپورٹس ڈسٹرکٹ کورنگی نے نمائشی میچ جیت لیا میزبان عارف والا شوٹنگ بال کلب حب کو شکست

پیر 7 جون 2021 19:05

واحد اسپورٹس ڈسٹرکٹ کورنگی نے نمائشی میچ جیت لیا میزبان عارف والا شوٹنگ ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جون2021ء) عارف والا شوٹنگ بال کلب حب کے زیر اہتمام لیبر کالونی حب ڈسٹرکٹ لسبیلہ بلوچستان میں سندھ اور بلوچستان کی معروف شوٹنگ بال ٹیموں کے مابین شاندار نمائشی میچ واحد اسپورٹس شوٹنگ بال کلب ڈسٹرکٹ کورنگی کراچی نے جیت لیا ایک ایک سیٹ برابری کے بعد آخری سیٹ میں میچ کا فیصلہ سورج ڈھل جانے کی وجہ سے نہ ہوسکا پوائنٹس کی برتری کی وجہ سے واحد اسپورٹس شوٹنگ بال کلب ڈسٹرکٹ کورنگی کو فاتح قرار دیا گیا ۔

میچ دیکھنے کے لئے ہزاروں شائقین کھیل کورٹ پر موجود تھے ۔دوران میچ واحد اسپورٹس کی جانب سے رضوان اور عارف والا کلب کی جانب سے الہی بخش نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اس موقع پر کھیلوں کی شخصیات اور کھلاڑیوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ شوٹنگ بال مقابلوں کا انعقاد امن دوستی اور بھائی چارگی کو بڑھانے کا موثر ذریعہ ہے سندھ اور بلوچستان کے سنگم پر واقع حب شہر میں شوٹنگ بال کورٹ کی اشد ضرورت ہے لیبر کالونی حب میں گرائونڈ کو حکومت بلوچستان تعمیر کرائے تو بین الصوبائی مقابلوں کے انعقاد میں آسانی ہوگی میچ کے اختتام پر منعقدہ تقسیم انعامات کی تقریب میں مہمان خصوصی ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر لسبیلہ خدا بخش بلوچ نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے اس موقع پرپاکستان رونجھہ ویلفیئر ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر انجینئر حاجی محمد حنیف رونجھہ ،پی پی پی کے صوبائی رہنماء برکت نادر ،سنیئر استاد و سماجی رہنماء غلام رسول رونجھہ ،سابق خازن ڈی سی اے لسبیلہ محمد سلیمان رونجھہ ،ماہر تعلیم ہارون رشید رونجھہ ،عبدالکریم ،عبدالعلیم بندیجہ ،امان اللہ بند یجہ ،محمد حنیف ساگر ،کراچی شوٹنگ بال ایسوسی ایشن کے سیکریٹری محمد اجمل ، فنانس سیکریٹری اعجاز احمد قریشی ،سابق قومی شوٹنگ بال پلیئر قمر السلام پیارے سید افتخار زیدی ،محمد منشا،عبدالرشید اور دیگر آفیشلز بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی اسپورٹس آفیسر ڈسٹرکٹ لسبیلہ خدا بخش بلوچ نے کہا کہ وایر اعلیٰ بلوچستان نواب جام کمال خان کی قیادت میں جہاں ترقی اور عوامی خوشحالی کے لئے اقدامات جاری ہیں وہیں نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی فراہمی کے لئے بھی اقدامات جاری ہیں انہوںنے بتا یا کہ بلوچستان کے تمام علاقوں میں اسپورٹس کمپلیکس ،اسٹیڈیمز ،جمنازیم اور انڈور گیمز کے لئے ملٹی پرپز ہالز تعمیر کئے جارہے ہیں انہوںنے یقین دلا یا کہ انشا اللہ حب کے لئے لیبر کالونی کی اس جگہ پر گرائونڈ کی بھی منظوری کرائیں گے ۔

انہوںنے شاندار ایونٹ کے انعقال پر بلوچستان شوٹنگ بال ایسوسی ایشن اور منتظمین کی کاوشوں کو سراہا اور شاندار کھیل پر کھلاڑیوں کو اپنی جانب سے کیش انعامات سے نوازا۔