فردوس عاشق اعوان نے ٹرین حادثے سے متعلق بیان پر وضاحت دے دی

گذشتہ حادثات کی نسبت رواں برس اس نوعیت کے خوفناک حادثات میں نمایاں کمی آئی،گذشتہ 15ماہ میں یہ پہلا بڑا ٹرین حادثہ ہے،اس تناظر میں دئیے گئے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر توڑ موڑ کر پیش کیا گیا۔معاون خصوصی کا بیان

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 8 جون 2021 12:46

فردوس عاشق اعوان نے ٹرین حادثے سے متعلق بیان پر وضاحت دے دی
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین اخبار۔08 جون ۔2021ء) وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے ٹرین حادثہ پر دیے گئے بیان پر وضاحت جاری کر دی۔گذشتہ روز انہوں نے کہا تھا کہ قوم کو وہ دن یاد ہیں جب ریل ٹریک دوسرے تیسرے دن حادثے کا شکار ہوتا تھا، اللہ کے فضل و کرم سے یہ اس سال پہلا حادثہ ہے، فردوس عاشق اعوان کے ٹرین حادثے پر اس بیان کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے شدید غم و غصے کا اظہارکیا۔

فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ کئی سالوں میں پے در پے پیش آنے والے ٹرین حادثات کی نسبت رواں برس اس نوعیت کے خوفناک حادثات میں نمایاں کمی آئی ہے۔ گذشتہ 15ماہ میں یہ پہلا بڑا ٹرین حادثہ ہے۔ اس تناظر میں دئیے گئے میرے ایک بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر توڑ موڑ کر پیش کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی واضح ہدایات کے مطابق ریلوے ٹریکس کی اپ گریڈیشن اور نظام میں موجود خامیاں دور کرتے ہوئے عوام کی قیمتی جانوں کو محفوظ بنانے کے ساتھ ساتھ ریل کا سفر محفوظ تر بنانے کیلئے حکمت عملی مرتب کی جارہی ہے۔

تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔اس سے قبل فردوس عاشق اعوان کی جانب سے یہ بیان سامنے آنے کے بعد سے انہیں سوشل میڈیا پر کافی تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
منیر خٹک نے کہا کہ انہیں تمیز ہے اور نہ ہی عقل، فردوس عاشق اعوان کہہ رہی ہے کہ اللہ کے فضل سے یہ سال کا پہلا حادثہ ہے۔ کیا حادثات اللہ کا فضل ہوتے ہیں؟ ایک اور صا رف نے تبصرہ کیا " ریلوے کے وزیر کہتے ہیں محکمہ ریلوے ذمہ دار ہے حادثے کا، فواد چوہدری نے ملبہ گزشتہ حکومت پر ڈال دیا، فردوس عاشق اعوان صاحبہ نے تو کہہ دیا کہ شکر ہے ہمارے دور میں پہلا حادثہ ہوا، متاثرین کے دل پر کیا گزرتی ہوگی اس قیامت کے گزرنے کے بعد اپنے حکمرانوں کے بیانات سن کر۔

شجاعت علی نامی صارف نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ آج ریل کے اندوہناک حادثے کی زمہ داری حسن نثار نے ٹرین پر ڈال دی فواد چودھری نے سابق وزیر ریلوے سعد رفیق پر ڈال دی اور سب سے زیادہ مایوس کن بیان فردوس عاشق اعون کا تھا جس میں وہ فرما رہی ہیں کہ اللہ کے فضل سے اس سال کا پہلا ریلوے حادثہ ہے سمیع شاہ نے کہا شرم آنی چاہیے ، یہ ہمارے حکمران ہیں جو ایسے حادثات پر سیاست کرتے ہوئے بھول جاتے ہیں کہ الفاظ کا چناو کیسے کرنا چاہیے۔