یورو فٹ بال چیمپئن شپ: کورونا کے دور میں کون بنے گا چیمپئن؟

DW ڈی ڈبلیو منگل 8 جون 2021 18:20

یورو فٹ بال چیمپئن شپ: کورونا کے دور میں کون بنے گا چیمپئن؟

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 08 جون 2021ء) یورو فٹ بال چیمپئن شپ 2021 جمعہ گیارہ جون سے شروع ہو رہی ہے۔ بارہ مختلف یورپی شہروں میں چوبیس قومی ٹیمیں اکاون میچوں میں آمنے سامنے ہوں گی۔ فائنل برطانوی دارالحکومت لندن کے معروف ویمبلے اسٹیڈیم میں گیارہ جولائی کو کھیلا جائے گا۔

ٹیموں کو مندرجہ ذیل گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے:

گروپ اے: اٹلی، سوئٹزرلینڈ، ترکی اور ویلز

گروپ بی: بیلجیم، روس، ڈنمارک اور فن لینڈ

گروپ سی: یوکرائن، ہالینڈ، آسٹریا اور شمالی مقدونیہ

گروپ ڈی: انگلینڈ، کروشیا، چیک ری پبلک اور اسکاٹ لینڈ

گروپ ای: اسپین، پولینڈ، سویڈن اور سلوواکیہ

گروپ ایف: جرمنی، پرتگال، فرانس اور ہنگری

میچ ان اسٹیڈیمز میں کھیلے جائیں گے:

اسٹاڈیو اولمپیکو، روم

اولمپک اسٹیڈیم، باکو

سینٹ پیٹرزبرگ اسٹیڈیم، سینٹ پیٹرزبرگ

پارکن اسٹیڈیم، کوپن ہیگن

یوہان کرویف ایرینا، ایمسٹرڈم

نیشنل ایرینا، بخاریسٹ

ویمبلے اسٹیڈیم، لندن

ہیمپڈن پارک، گلاسگو

اسٹاڈیو لا کارتویا، سیول

فٹ بال ایرینا، میونخ

اس ٹورنامنٹ میں گیارہ تا تیئیس جون گروپ اسٹیج کے میچ کھیلے جائیں گے۔

(جاری ہے)

گروپ اسٹیج میں سب سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرنے والی دو دو ٹیمیں ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی اور تیسری پوزیشن پر چار سب سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرنے والی ٹیموں کو بھی اگلے مرحلے میں جگہ ملے گی۔

ناک آؤٹ مرحلے کی سولہ ٹیموں کے میچ ہفتہ چھبیس جون سے منگل انتیس جون تک کھیلے جائیں گے۔ پھر جمعہ دو اور ہفتہ تین جولائی کو دو دو کواٹر فائنل میچ کھیلے جائیں گے۔

سیمی فائنل میچز چھ اور سات جولائی کو ہوں گے اور فائنل ویمبلے اسٹیڈیم میں گیارہ جولائی کو ہو گا۔

یورو کپ کو عالمی کپ کے بعد فٹ بال کا دوسرا سب سے بڑا ٹورنامنٹ قرار دیا جاتا ہے۔ یورو 2020 کا انعقاد پچھلے سال ہی ہونا تھا تاہم کورونا وائرس کی عالمی وبا کی وجہ سے اسے ملتوی کر دیا گیا تھا۔ اس ٹورنامنٹ کا سرکاری نام اب بھی یورو 2020 ہی ہے۔

اس بار چیمپئن شب کی خصوصیت یہ بھی ہے کہ روایتی طور پر اب تک یہ ٹورنامنٹ ایک یا دو ممالک میں منعقد ہوتا آیا ہے لیکن اس بار میچوں کی میزبانی متعدد ممالک اور شہروں میں تقسیم کر دی گئی ہے۔

ع س / م م (یوئیفا)