وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے کینیڈین ہائی کمشنر کی ملاقات

کینیڈا میں پاکستانی نژاد خاندان کے ساتھ المناک واقعے، اسلاموفوبیا کے بڑھتے رجحان سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ ئ خیال پاکستانی نژاد فیملی کے ساتھ واقعہ پر بہت رنجیدہ ہیں ،یہ قتل اسلاموفوبیا اور دہشتگردی کی واضح مثال ہے، اسلاموفوبیا پر عالمی سطح پر موثر اقدامات کرنے کی اشد ضرورت ہی: وزیر خارجہ کینیڈین ہائی کمشنر نے وزیر خارجہ کو اس افسوس ناک واقعہ کے بعد وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو اور روب فورڈ آف اونٹوریو کے مذمتی بیانات سے بھی آگاہ کیا

منگل 8 جون 2021 23:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 جون2021ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کینیڈا میں پاکستانی نڑاد خاندان کا قتل اسلاموفوبیا اور دہشتگردی کی واضح مثال ہے۔ اسلاموفوبیا کے حوالے سے عالمی سطح پر موثر اقدامات کرنے کی اشد ضرورت ہے۔یہ بات انہوں نے پاکستان میں تعینات کینیڈین ہائی کمشنر وینڈی گلمور سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے وزارتِ خارجہ میں ان سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران کینیڈا میں پاکستانی نڑاد خاندان کے ساتھ پیش آنے والے المناک واقعے، اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ ء خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ کینیڈا میں پاکستانی نژاد فیملی کے ساتھ پیش آنے والا المناک واقعہ پر بہت رنجیدہ ہیں اور پاکستانی نژاد خاندان کا قتل اسلاموفوبیا اور دہشتگردی کی واضح مثال ہے۔

(جاری ہے)

شاہ محمود قریشی نے کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کے مثبت ردعمل کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ مغرب میں مسلمانوں کے خلاف بڑھتی ہوئے نفرت آمیز واقعات، اسلاموفوبیا کی موجودگی کا ثبوت ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور میں بطور وزیر خارجہ بین الاقوامی سطح پر اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کے خلاف آواز اٹھاتے آ رہے ہیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ اسلاموفوبیا کے حوالے سے عالمی سطح پر موثر اقدامات کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

کینیڈین ہائی کمشنر نے اس المناک واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے، کینیڈین حکومت کی جانب سے، اس واقعہ میں مکمل تحقیقات اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی یقین دہانی کروائی۔کینیڈین ہائی کمشنر نے وزیر خارجہ کو اس افسوس ناک واقعہ کے بعد وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو اور روب فورڈ آف اونٹوریو کے مذمتی بیانات سے بھی آگاہ کیا۔