حکومت کی ذمہ داری ہے کہ بجٹ میں ہسپتالوں کے بجٹ میں اضافہ کرے ‘ذکر اللہ مجاہد

سرکاری ہسپتالوں کی ایمرجنسیز میں مریضوں کا علاج وہیل چیئرز، زمین پر لٹا کر یا ایک بیڈ پر تین مریض لٹا کر کیا جارہا ہے

بدھ 9 جون 2021 17:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جون2021ء) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ بجٹ میں ہسپتالوں کے بجٹ میں اضافہ کرے تاکہ عوام الناس کو علاج ومعالجہ کی بہترین سہولیات میسر آسکے ہیں۔ صوبائی دارالحکومت کے سرکاری ہسپتالوں کی حالت زار کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ایمرجنسی میں مریضوں کا علاج وہیل چیئرز، زمین پر لٹا کر یا ایک بیڈ پر تین مریض لٹا کر کیا جارہا ہے۔

شہر کے متعدد بڑے ہسپتالوں میں تھیلیسیمیا، انجوگرافی سہولیات موجود ہی نہیں نہ ہیں، جنرل اور سروسز ہسپتال میں ایسی صورتحال کے بعد غریب مریض سسک سسک کر جان کی بازی ہار نے پر مجبور ہیں جو محکمہ صحت اور حکمرانوں کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ثریاعظیم وقف ہسپتال کی مینجمنٹ کمیٹی کے اجلاس میں عہدیداران ہسپتال سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

صدر گورننگ باڈی ثریا عظیم ہسپتال میاں ذکر اللہ مجاہدثریا عظیم ہسپتال کی مینجمنٹ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کررہے ہیں۔اجلاس میں سیکرٹری گورننگ باڈی ڈاکٹر افتخار چوہدری، ایم ایس ثریا عظیم ہسپتال ڈاکٹر لیاقت علی، ممبر گورننگ ثریا عظیم ہسپتال لاہورعبدالعزیز عابد،رنسپل ثریا عظیم انسٹیٹیوٹ آف الائیڈ ہیلتھ سائنسزفیاض احمد فیضی،فنانس ہیڈ محسن بشیر، ایڈمن شہزاد حسین نے شرکت کی۔

میاں ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ حکومت صحت کے بجٹ کو بڑھانے کے ساتھ لوکل فارموسیوٹیکل انڈسٹری کو سہولیات فراہم کرے تاکہ عوام کو سستی ادویات مہیا ہوسکیں اور پاکستان کی انڈسٹری خوشحال ہو۔ انہوں نے کہا کہ ثریا عظیم وقف ہسپتال سو فیصد چیئریٹی کا ادارہ ہے۔ جس میں 42 کنسلٹ ڈاکٹرز دن رات مریضوں کو علاج و معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں ثریاعظیم ہسپتال کے ڈونرز نے جس اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے جو عطیات دیئے ہیں ان کے مشکور ہیں اوراس بات کی یقین دہانی کرواتے ہیں کہ پوری ایمانداری سے ان کے دیئے ہوئے عطیات کو غریب مریضوں کے علاج معالجہ خرچ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے کیسز میں کمی خوش آئند ہے مگر عوام کورونا سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر اپنانے کیساتھ ویکسین لگواکراپنی اور دوسروں کی زندگی کو محفوظ بنائیں۔