ایگزیکٹوڈائریکٹر الحمراء فرحت جبیں کی زیر صدارت اہم امور کا جائزہ اجلاس

’’معلومات بذریعہ تفریح ‘‘ عوام کو’’رائٹ ٹو انفارمیشن اور رائٹ ٹو سروس ‘‘سے متعلق معلومات کی فراہمی کا فیصلہ الحمراء کا ’’جی آئی زی سپورٹ ٹو لوکل گورننس پروگرام ‘‘کے ساتھ معاہدہ،ڈیرھ برس میں آگہی مہم سے سات لاکھ لوگ مستفید ہونگے

بدھ 9 جون 2021 17:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جون2021ء) لاہور آرٹس کونسل الحمراء اور ’’جی آئی زی سپورٹ ٹو لوکل گورننس پروگرام ‘‘نے عوام کو’’رائٹ ٹو انفارمیشن اور رائٹ ٹو سروس ‘‘سے متعلق معلومات کی فراہمی سے متعلق معاہد ہ پر دستخط کئے ہیں جس کے مطابق عوام کو’’رائٹ ٹو انفارمیشن اور رائٹ ٹو سروس ‘‘سے متعلق معلومات بذریعہ تفریح فراہم کی جائیں گی۔

ایگزیکٹوڈائریکٹر الحمراء فرحت جبیں کی زیر صدارت کی اجلاس میں کئی اہم فیصلے کئے گئے۔اجلاس میں انفارمیشن کمیشن،پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ،لوکل حکومت،ایف سی کالج و دیگر اداروں کے نمائندگان کی شرکت کی۔ایگزیکٹوڈائریکٹر الحمراء فرحت جبیں نے کہا کہ پروگرام ’’رسائی ‘‘ کے تحت خواتین اور نوجوان نسل کو خصوصی طور پر انکے حقوق سے متعلق آگاہ کیا جائے گا،ابتدائی طور پر پروگرام لاہور ،خانیوال،گوجرہ ،شیخوپورہ اور منڈی بہائو الدین میں شروع کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

فرحت جبیں نے مزید بتایا کہ ڈرامہ ،موسیقی،آرٹ کے ذریعہ عوام کو انہی کے حقوق سے متعلق آگاہ کیا جائے گا،معاشرتی زندگی کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا۔ڈائریکٹر ذوالفقار علی زلفی نے کہا کہ پروگرام کے تحت 68معلوماتی سیمینار،سٹریٹ تھیٹر،لایئو شوز،سوشل میڈیا کمپیئر،ریڈیو و ٹی وی شوز و دیگر سرگرمیاں ہونگی۔واضح رہے کہ الحمراء کا ’’جی آئی زی سپورٹ ٹو لوکل گورننس پروگرام ‘‘کے ساتھ معاہدہ کے تحت آئندہ ڈیرھ برس میں آگہی مہم سے سات لاکھ لوگ مستفید ہونگے۔