Live Updates

ہرپاکستانی تحریک انصاف کی عوام دشمن پالیسیوں سے اکتاچکاہے،حکمران ٹیکس فری بجٹ دیکر عوامی وعدہ پورا کریں،چودھری رفعت جاوید

حکومت کی ڈھائی سالہ کارکردگی مایوس کن رہی،مہنگائی اور بجلی بحران نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے،مسلم لیگی رہنما وسابق ڈپٹی میئر اسلام آباد

بدھ 9 جون 2021 22:48

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 جون2021ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) اسلام آباد کے سنیئر رہنما و سابق ڈپٹی میئر اسلام آبادچودھری رفعت جاوید نے کہاہے کہ ہر پاکستانی تبدیلی سرکار کی عوام دشمن پالیسیوں سے مکمل طورپر اکتاچکے ہیں، حکمران آئندہ بجٹ ٹیکس فری اور عوام کو ریلیف دیکر قوم سے کئے گئے وعدے پورے کریں،پی ٹی آئی حکومت کی اڑھائی سالہ کارکردگی مایوس کن رہی، مہنگائی،بے روزگاری،بدامنی،بجلی بحران نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے،وفاقی وصوبائی حکومتیں اپنے دعوئوں کے برعکس ڈلیور نہیں کرسکی ہے،عوام کے مسائل حل ہونے کے کی بجائے اس میں مزیداضافہ ہواہے ایک طرف لوگ دووقت کی روٹی کیلئے پریشان اور مہنگائی نے زندگی اجیرن بنادی ہے تو دوسری طرف نااہل و نالائق حکمران ٹولہ معیشت کی بہتر کارکردگی کا راگ الاپ رہاہے جوکہ حقائق کی سراسرنفی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ریاست مدینہ کے دعویدار حکمرانوںنے شدید گرمی میں عوام پرغیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا عذاب مسلط کررکھاہے،کئی روز سے بجلی کئی کئی گھنٹے بند ہونا روزکا معمول بن چکاہے،عوام کاکوئی پرسان حال نہیں،غیر اعلانیہ بلاجواز ظالمانہ لوڈشیڈنگ کسی صورت برداشت نہیں کریںگے،حکومت بلاجواز لوڈشیڈنگ کا سلسلہ فوری ختم کرے۔سابق ڈپٹی میئراسلام آباد چودھری رفعت جاوید نے مزید کہاکہ مہنگائی سے تنگ عوام پاکستان مسلم لیگ(ن) کے دور کے منصوبوں کو یاد کررہے ہیں،تبدیلی سرکار یاد رکھے عوام ایک مرتبہ پھر ووٹ کی طاقت سے شریف برادران کواقتدار میں لائیں گے،عوامی خدمت ان نام نہاد ریاست مدینہ کے دعویدار حکمرانوں کے بس کاکام نہیں، جن کی سیاست صرف جھوٹ اورالزام تراشی کے گرد گھومتی ہے، تبدیلی سرکار نے ہر شعبہ کو ناکامی سے دوچار کردیا ہے،مسلم لیگ(ن) کی سیاست عوام کی ترقی اور خوشحالی کی سیاست ہے جبکہ دوسری طرف منفی سیاست کرنے والے ملک کو پیچھے دھکیلناچاہتے ہیں۔

مسلم لیگ(ن) کی قیادت اور ورکرز ہمیشہ پاکستان کے عوام کے حقوق کیلئے اپنی سرگرمیاں اور جدوجہد جاری رکھی،پاکستانی عوام کو نوجوان قیادت کی ضرورت ہے جو مریم نواز کی قیادت میں موجودہے اور وہی اس ملک کو مسائل سے نکال سکتے ہیں۔مسلم لیگی رہنماچودھری رفعت جاوید نے ڈہرکی میں ٹرین حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وزیرریلوے سے مستعفی ہونے اور فوری تحقیقات کرکے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا،ٹرین حادثے میں سلیکٹڈ عمران نیازی اور ان کے وزیرریلو ے کو فوری استعفیٰ دے دیناچاہئیے،تحریک انصاف کے دور حکومت میں اب تک100سے زائد حادثے ہوچکے ہیں لیکن اب تک کسی وزیر کو سزا نہیں ہوئی ،ریاست مدینہ کے دعویدار حکمران ٹرین حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کی مالی امداد کریں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات