جئے سندھ صوبائی حکومت کا دہشت گرد ونگ ہے،وسیم اختر

وزیراعظم کو جب سندھ میں سب کچھ نظر آرہا ہے تو وہ آئینی حق کب استعمال کریں گے، رہنما ایم کیوایم

بدھ 9 جون 2021 23:54

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 جون2021ء) متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما اور کراچی کے سابق میئر وسیم اختر نے کہا ہے کہ جئے سندھ صوبائی حکومت کا ایک دہشت گرد ونگ ہے ، وزیراعظم کو جب سندھ میں سب کچھ نظر آرہا ہے تو وہ آئینی حق کب استعمال کریں گے۔ سندھ کے عوام صوبائی حکومت کو بددعائیں دے رہے ہیں۔ حیدرآباد میں خدمت خلق فاؤنڈیشن کے ویکسی نیشن سینٹر کے افتتاح کے موقع پر وسیم اختر کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے کراچی میں پاکستان کے جھنڈے جلائے اور پاکستان نہ کھپے کے نعرے لگائے کیا ان کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے حکومت خوفزدہ ہے۔

(جاری ہے)

کیا ان کا بس کسی اور پر چلتا ہے۔ ان پر نہیں چلتا ۔ انہوں نے کہاکہ ہم جلد ہی اسمبلیوں میں جنوبی سندھ صوبے کی قرارداد لائیں گے ، اب بلدیاتی کارکردگی پر کسی کا کیمرہ نہیں دکھارہا ، میئر شپ ختم ہونے کے بعد بلدیہ اور شہر کا حال مزید خراب ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ امن وامان رینجرز ، پولیس اور حکومت سندھ کی ذمہ داری ہے جو پوری نہیں کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ خدمت خلق فاؤنڈیشن شروع سے آج تک عوام کی خدمت میں مصروف ہے، مشکل حالات کے باوجود ہمارا وہی جذبہ ہے ، عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ زیادہ سے زیادہ ویکسین کروائیں اور پروپیگنڈا پر کان نہ دھریں