وزیر خارجہ کا کینیڈا ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ ، چار معصوم جانوں کے ضیاع اور اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان پر گفتگو

کینیڈا سمیت عالمی برادری کو اسلاموفوبیا کے منفی رجحان کے تدارک کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھانا ہوں گے، مخدوم شاہ محمود قریشی کینیڈین وزیر خارجہ کینیڈین حکومت کی جانب سے اس واقعہ کی جامع تحقیقات اور ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی یقین دہانی

جمعرات 10 جون 2021 00:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جون2021ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کینیڈین وزیر خارجہ مارک گارنیو کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کیاجس میں کینیڈا میں پاکستانی نژاد خاندان کے ساتھ پیش آنے والے المناک واقعے،04 معصوم جانوں کے ضیاع اور اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کے تدارک کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ کینیڈا میں مقیم، بے قصور پاکستانی نژاد خاندان کے 04 افراد کے قتل کے المناک واقعہ پر بہت افسوس ہے ، معصوم خاندان کو محض مسلمان ہونے کی بناء پر نشانہ بنانا، اسلاموفوبیا کی واضح مثال ہے ۔

انہوںنے کہاکہ کینیڈا سمیت عالمی برادری کو اسلاموفوبیا کے منفی رجحان کے تدارک کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھانا ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے اس واقعہ پر جس مثبت ردعمل کا اظہار کیا اسے قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں - انہوںنے کہاکہ ہمیں، کینیڈا سمیت مغربی ممالک میں اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان پر گہری تشویش ہے ۔

وزیر اعظم عمران خان اور میں بطور وزیر خارجہ گذشتہ دو سال سے عالمی برادری کی توجہ اس جانب مبذول کروانے کیلئے کوشاں ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر، ہم نے نیامے میں منعقدہ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے سنتالیسویں اجلاس میں اسلاموفوبیا کے خلاف قرارداد پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کیا گیا ۔ انہوںنے کہاکہ ہم نے اقوام متحدہ نیویارک میں پاکستان کے مستقل مندوب کو ہدایت کی ہے کہ وہ اسلاموفوبیا اور نفرت آمیز بیانیے کے خلاف عالمی سطح پر مشترکہ لائحہ عمل کیلئے دیگر ممالک کو اعتماد میں لیں -کینیڈین وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم کینیڈین وزیر اعظم اور عوام کی جانب سے اس المناک واقعے کی پرزور مذمت کرتے ہیں اور متاثرہ خاندان کے ساتھ دلی اظہار تعزیت کرتے ہیں ۔

کینیڈین وزیر خارجہ کینیڈین حکومت کی جانب سے اس واقعہ کی جامع تحقیقات اور ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی یقین دہانی کرائی گئی ۔دونوں وزرائے خارجہ نے کینیڈا میں مقیم مسلمانوں کے تحفظ، اسلاموفوبیا اور نفرت آمیز بیانیے کی بیخ کنی کیلئے، بین الاقوامی فورمز پر مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا۔