پاکستان اورچین میں سفارتی تعلقات کے قیام کے 70 سال مکمل ہونے پر یادگاری سکے کا اجراء

یادگاری سکہ کی خوبصورت ڈیزائننگ اور بناوٹ کے حوالے سے پاکستان کی ٹکسال کی کارکردگی قابلِ تحسین ہے ، شاہ محمود قریشی پاکستان اور چین کے مابین تعلقات کی نوعیت انتہائی منفرد ہے تاریخی اعتبار سے ہمارے مراسم ہزار سالوں پر محیط ہیں، وزیر خارجہ چین، پاکستان کی اسٹریٹیجک، اقتصادی اور ترقیاتی ترجیحات کی تائید اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے پاکستان کے اصولی موقف کی غیر متزلزل حمایت کرتا آ رہا ہے، خطاب

جمعرات 10 جون 2021 18:05

پاکستان اورچین میں سفارتی تعلقات کے قیام کے 70 سال مکمل ہونے پر یادگاری ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جون2021ء) پاکستان اور چین میں سفارتی تعلقات کے قیام کے 70 سال مکمل ہونے پر یادگاری سکے کا اجراء کر دیا گیا ۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پاکستان اور چین میں سفارتی تعلقات کے قیام کے 70 سال مکمل ہونے پر یادگاری سکے کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے قیام کے 70 سال مکمل ہونے کے موقع پر یادگاری سکے کے اجراء کی اس تقریب میں شرکت میرے لئے نہایت باعث مسرت ہے۔

انہوںنے کہاکہ میں اس تقریب کے انعقاد پر اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو مبارک پیش کرتا ہوں اس یادگاری سکہ کی خوبصورت ڈیزائننگ اور بناوٹ کے حوالے سے پاکستان کی ٹکسال کی کارکردگی قابلِ تحسین ہے ،اس یاددگاری سکے کی مالیت 70 روپے رکھی گئی ہے جو پاکستان اور چین کے مابین ستر سالہ لازوال برادرانہ تعلقات اور عمدہ سفارتی روابط کا مظہر ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ پاکستان اور چین کے مابین تعلقات کی نوعیت انتہائی منفرد ہے تاریخی اعتبار سے ہمارے مراسم ہزار سالوں پر محیط ہیں۔

انہوںنے کہاکہ تاریخی لحاظ سے علم کے متلاشی، راہب، سیاح اور تاجروں نے ، ٹرانس قراقرم راستے کے ذریعہ ان بردارانہ تعلقات کی بنیاد رکھی ۔ انہوںنے کہاکہ گذشتہ سات دھائیوں کے دوران پاکستان اور چین کے درمیان دو طرفہ تعلقات، علاقائی و بین الاقوامی حالات سے بالاتر، غیر متزلزل انداز میں مضبوط سے مضبوط تر ہوتے گئے، پاکستان اور چین کی قیادت اور آئندہ آنے والی نسلوں نے اس لازوال دوستی کو "سدابہار اسٹریٹیجک شراکت داری میں تبدیل کرنے میں اہم کردار ادا کیا ۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان اور چین نے تمام اہم معاملات پر ایک دوسرے کی معاونت کی،پاکستان، چین کی ون چائنہ پالیسی، سنکیانگ، ہانگ کانگ، بحر جنوبی چین، تائیوان اور تبت کے معاملے پر چین کے موقف کی حمایت کرتا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ چین، پاکستان کی اسٹریٹیجک، اقتصادی اور ترقیاتی ترجیحات کی تائید اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے پاکستان کے اصولی موقف کی غیر متزلزل حمایت کرتا آ رہا ہے۔

انہوںنے کہاکہ پاک چین اقتصادی راہداری نے ان دو طرفہ تعلقات کو نئی بلندیوںسے ہمکنار کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے ،سی پیک کے پہلے مرحلے کی کامیابی کے بعد، صنعتی، زرعی اور ترقیاتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کی بنیاد پر دوسرا مرحلہ زیرعمل ہے۔ انہوںنے کہاکہ گذشتہ ماہ راشہ کئی خصوصی اقتصادی زون کے افتتاح سی, صنعت سازی اور برآمدی سرپلس کو فروغ ملے گا ۔

انہوںنے کہاکہ تیزی سے بدلتی ہوئی علاقائی و عالمی صورتحال کے تناظر میں پاکستان نے اپنی جغرافیائی اقتصادی ترجیحات پر توجہ مرکوز کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ سی پیک، بیلٹ اینڈ روڈ اقدام کا اہم منصوبہ ہونے کے ناطے، علاقائی روابط کے فروغ کیلئے پاکستان کی جیو اکنامک ترجیح میں معاونت فراہم کرے گا ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان اور چین نے ہمیشہ ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کی معاونت کی ،کورونا وبائی چیلنج سے نمٹنے کیلئے پاکستان اور چین نے ایک دوسرے کی بھرپور معاونت کی،چین نے پاکستان کو کورونا ویکسین کی لاکھوں خوراکیں مہیا کیں،ہم کورونا وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے چین کے اخلاقی اور مادی تعاون اور مدد کو سراہتے ہیں اور چین کی قیادت اور عوام کے شکر گزار ہیں ،یہ تعاون لاتعداد انسانی زندگیاں بچانے میں مدد گار ثابت ہوا ۔

انہوںنے کہاکہ چین پاکستان آزادانہ تجارتی معاہدہ (CPFTA) وزیر اعظم عمران خان کے 2019 میں دورہ ئ چین میں طے پایاتھا،یکم جنوری 2020 سے یہ معاہدہ نافذ العمل ہے،اس معاہدے سے پاکستان اور چین کے مابین اقتصادی و مالیاتی شعبوں میں تعاون مزید مستحکم ہو گا اور چین کیلئے پاکستانی برآمدات کی شرح میں اضافہ ہو گا۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان اور چین کے مابین کرنسی تبادلے کا معاہدہ بھی موجود ہے ،بینکاری کے شعبہ میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کیلئے اسٹیٹ بینک آف پاکستان متحرک کردار ادا کر رہا ہے ،چین میں پاکستانی کمرشل بینک اپنی شاخیں قائم کر رہے ہیں ،تقریب بھی پاکستان اور چین کے مابین کامیاب سترسالہ سفارتی تعلقات کے حوالے سے منعقدہ تقریبات کا حصہ ہے ،میں اس تقریب کے منتظمین کو اس تقریب کے انعقاد پر دلی مبارک پیش کرتا ہوں۔