Live Updates

وزیر اعظم کو اپنی کامیابیوں پر تعصب میں لتھڑی اپوزیشن سے کسی سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں‘ ہمایوں اختر خان

بجٹ کی منظوری کا مرحلہ بھی آسانی سے گزرجائیگا،بہتر ہوتے معاشی حالات کے ثمرات عوام تک منتقل ہو رہے ہیں

جمعرات 10 جون 2021 20:27

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 جون2021ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنماو سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ کورونا وباء میںوزیر اعظم عمران خان کے دور اندیشی پر مبنی فیصلوں پر پاکستانی قوم اورپوری دنیا ان کی معترف ہے اس لئے انہیں تعصب میں لتھڑی ہوئی اپوزیشن سے کسی سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں،کوروناوباء کے دوران وزیر اعظم کی روزگار اورزندگی میں توازن برقرار رکھنے کی پالیسی کی عالمی سطح پر پذیرائی ہورہی ہے ،بجٹ کی منظوری کا مرحلہ بھی آسانی سے گزرجائے گا ۔

اپنے بیان میںہمایوں اختر خان نے کہا کہ اپوزیشن کی سیاست صرف منفی پراپیگنڈے اور بیان بازی تک محدود ہے اور با شعورعوام اس سے بخوبی آگاہ ہیں، وقت آنے پر عوام ان کا کڑامحاسبہ کریں گے ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان آگے بڑھ رہا ہے اور انشا اللہ ہر گزرتے دن کے ساتھ اس رفتار میں تیزی آئے گی ۔ انہوں نے کہا کہ آج تمام اشاریے مثبت جارہے ہیں جو معیشت کے پھلنے پھولنے کی علامات کو ظاہر کرتے ہیں لیکن بد قسمتی سے شکست خوردہ اپوزیشن ’’ میں نہ مانوں ‘‘ کی رٹ لگائے ہوئے ہے ۔

اپوزیشن نے ہر طرف سے ناکامی کے بعد اب ساری امیدیں بجٹ کی منظوری کے مرحلے سے وابستہ کر لی ہیں لیکن انہیں اس میں بھی سبکی ہو گی ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ جیسے جیسے معاشی حالات بہتر ہو رہے ہیں اس کے ثمرات عوام تک منتقل ہو رہے ہیںاور آئندہ دو سالوں میں گروتھ مزید بڑھے گی جس سے پاکستان کی معیشت ٹیک آف کی پوزیشن پر آئے گی ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات