لاہور ہائیکورٹ نے کیپٹن (ر) صفدر کی عبوری ضمانت کی درخواست نمٹا دی

جمعرات 10 جون 2021 23:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 جون2021ء) لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ (ن)کے رہنما و سابق وزیر اعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی عبوری ضمانت کی درخواست نیب کے بیان کے بعد نمٹا دی۔جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے درخواست کی سماعت کی۔ دوران سماعت نیب نے لاہور ہائیکورٹ کو آگاہ کیا کہ مریم نواز کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی ذرائع آمدن سے زیادہ کے اثاثے بنانے میں گرفتاری کی کوئی ضرورت نہیں ہے، دو رکنی بنچ نے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی درخواست نیب کے بیان کے بعد نمٹا دی۔

جمعرات کوعدالتی سماعت پر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اپنی عبوری ضمانت کی معیاد ختم ہونے پر لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ کے سامنے پیش ہوئے۔ نیب کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو ان کیخلاف اثاثوں کی چھان بین میں تصدق کیلئے بلایا تھا اور ان کی ابھی گرفتاری کی ضرورت نہیں، دو رکنی بنچ نے نیب کے وکیل کے بیان پر درخواست نمٹا دی۔

(جاری ہے)

بنچ نے ہدایت کی کہ اگر نیب نے کیپٹن صفدر کو گرفتار کرنا ہو تو ایک ہفتہ پہلے اسے آگاہ کیا جائے، کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے اپنے خلاف ذرائع آمدن سے زیادہ کے اثاثے بنانے کے الزام میں نیب انکوائری پر لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا اور طلبی کے نوٹسز کو چیلنج کیا تھا، دو رکنی بنچ کے دوسرے رکن جسٹس شہباز رضوی تھے۔