کلبھوشن یادیو کی کہانی حکومت نے نہیں، اپوزیشن نے بگاڑی ہے،شاہ محمود قریشی

ہندوستان پاکستان کو آئی سی جے کے سامنے لے جانا چاہتا ہے، حیران ہوں آج اپوزیشن ہندوستان کی بولی بول رہی ہے۔ وزیرخارجہ کا قومی اسمبلی میں اظہار خیال

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 10 جون 2021 19:13

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 جون2021ء) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کلبھوشن یادیو کی کہانی حکومت نے نہیں، اپوزیشن نے بگاڑی ہے، ہندوستان پاکستان کو آئی سی جے کے سامنے لے جانا چاہتا ہے،حیران ہوں آج اپوزیشن ہندوستان کی بولی بول رہی ہے۔ انہوں نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ خواہش ہے کل بجٹ ہے آج قانون سازی ہوجائے، امید ہے اپوزیشن انتخابی اصلاحات کی قانون سازی میں رکاوٹ نہیں ڈالےگی،اسٹینڈنگ کمیٹی سے گزر کر بل ایوان میں پیش ہوا ہے، اسٹینڈنگ کمیٹی میں اپوزیشن کی نمائندگی موجود ہے، اگر کسی کو قانون پر اعتراض ہے تو ترمیم لائے۔

الیکٹرانک ووٹنگ ہندوستان، امریکا اور کئی ممالک میں رائج ہے کیا وہاں جمہوریت نہیں ہے، ان کے الیکشن دنیا تسلیم نہیں کرتی؟ پھر پاکستان میں کیا مضائقہ ہے؟ مجھے اورسیز پاکستانیوں پر ترسیلات زر بھیجنے پر فخر ہے، برآمدات سے زیادہ پیسے بھیج رہے ہیں،ایک طبقہ پیسا لوٹ کر باہر لے جاتا ہے جبکہ اورسیز پاکستان پیسا بھیجتے ہیں ، ووٹنگ ان کا حق ہونا چاہیے،تاریخ گواہ رہنا اپوزیشن اورسیز پاکستانیوں کے حقوق کی قاتل ہے، جبکہ ہم ان کو حق دینا چاہتے ہیں،الیکٹورل ریفارمز پر اپوزیشن کو کئی بار دعوت دی، الیکٹرانک ووٹنگ پر اپوزیشن سے بات کرنے کو تیار ہیں، اپوزیشن راہ فرار اختیار کررہی ہے۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ نے کہا کہ کلبھوشن یادیو کی کہانی حکومت نے نہیں، یہاں تک اپوزیشن نے بگاڑی ہے۔ ہندوستان پاکستان کو آئی سی جے کے سامنے لے جانا چاہتا ہے، کہ پاکستان نے آئی سی جے کی سفارشات پر عمل نہیں کیا، لیکن ہم نے پاکستان کے عزت اور وقار کی بات کی،ہم کہتے ہیں عالمی عدالت کی سفارشات پر ان کو حق دینا چاہتے ہیں، لیکن میں حیران ہوں کہ آج اپوزیشن ہندوستان کی بولی بول رہی ہے۔