کے الیکٹرک کی بدترین لوڈ شیڈنگ عوامی بجلی کے ساتھ ساتھ پانی سے بھی محروم ہیں،فضل احد

جمعرات 10 جون 2021 23:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جون2021ء) کے الیکٹرک کی بدترین لوڈ شیڈنگ عوامی بجلی کے ساتھ ساتھ پانی سے بھی محروم۔واٹرو بورڈ ،کے الیکٹرک اور واٹر مافیاء کی ملی بھگت سے ضلع کیماڑی کے عوام بوند بوند پانی کو ترس گئے۔ضلع کیماڑی میں قلت آب اور بدترین لوڈ شیڈنگ کی صورت حال کے حوالے سے پلک ایڈ جماعت اسلامی ضلع کیماڑی کا اہم اجلاس دفتر ضلع کیماڑی میں صدر پبلک ایڈ و سابق ایم پی اے حمید اللہ ایڈوکیٹ کی صدارت میں ہوا۔

اجلاس سے امیر جماعت اسلامی ضلع کیماڑی نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کے الیکٹرک اور واٹر بورڈ نے ضلع کیماڑی کو کربلا بنا دیا ہے۔گرمی میں لوڈشیڈنگ نے عوام کو ذہنی کرب میں مبتلا کردیا ہے۔دن اور رات کے اوقات میں 12سے 14 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ناقابل برداشت ہے۔

(جاری ہے)

طویل لوڈشیڈنگ کی وجہ سے پانی کی قلت پیدا ہوگئی دووسری جانب عوام کو اس صورت حال میں ریلیف دینے کے بجائے واٹر بورڈ ٹینکر مافیاء کی سرپرستی کررہا ہے۔

اب واٹر مافیاء کے سرپرستوں اور کے الیکٹرک کی بدمعاشی کو لگام دینے کا وقت آگیا ہے۔حافظ نعیم الرحمان کی قیادت میں 12اپریل کو ہونے والا دھرنا کراچی دشمن کے الیکٹرک کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔عوام دھرنے میں بھرپور شرکت کریں صرف جماعت اسلامی ہو عوام کو انکا حق دلا سکتی ہے۔