قومی اسمبلی اجلاس، توجہ دلائو نوٹس پر ن لیگ کی کورم کی نشاندہی، اسپیکر کا گنتی کروانے کا حکم

اپوزیشن نے ایوان سے واک آؤٹ کر دیا ، حکومتی ممبران کی حاضری کی وجہ سے کورم پورا ہوگیا،اجلاس جاری رکھنے کا حکم

جمعرات 10 جون 2021 23:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 جون2021ء) قومی اسمبلی کے اجلاس میں توجہ دلائو نوٹس پر مسلم لیگ ن کی طرف سے کورم کی نشاندہی پر اسپیکر قومی اسمبلی کی طرف سے گنتی کروانے کا حکم دیا گیا جس پر اپوزیشن نے ایوان سے واک آؤٹ کر دیا تاہم حکومتی ممبران کی حاضری کی وجہ سے کورم پورا ہوا اور ایوان کی کارروائی جاری رکھنے کی حکم دیدیا گیا۔

ایوان کی کاروائی دوبارہ شروع ہونے پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج بہت اہم قانون سازی کرنی ہے جو عوام کا مطالبہ ہے۔ اپوزیشن کورم کی نشاندہی کرکے ایوان سے واک آؤٹ نہ کریں اور = قانون سازی میں حصہ لیں جس پر اپوزیشن کی طرف سے پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی نوید قمر نے کہا کہ جو بل آج پیش کئے جارہے ہیں وہ ابھی ٹیبل کئے گئے ہیں اس کو اپوزیشن نے نہ پڑھا اور نہ دیکھا ہے۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ نواز کے ممبر قومی اسمبلی رانا تنویر نے کہا کہ پارلیمانی نظام کو مضبوط کریں یہ اچھی روایت نہیں ہے کہ بل اس وقت پیش کئے گئے کہ پڑھنے کا وقت بھی نہیں ملا۔انکے جواب میں مشیر قانون بابر اعوان کا کہنا تھا کہ روایت رولز سے ذیادہ اہم نہیں ہیں۔روایت ان ممالک میں ہوتی ہیں جہاں آئین نہ ہو اس پارلیمنٹ میں آئین اور روایت کے مطابق چل رہا ہے۔