پاک چین سفارتی تعلقات کے 70برس کی تکمیل پر اسٹیٹ بینک نے 70روپے مالیت کا یادگاری سکہ جاری کردیا

یادگاری سکہ کی تقریب رونمائی میں ں چینی سفیر نونگ رونگ،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر کی شرکت

جمعرات 10 جون 2021 23:47

اسلام آباد /کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 جون2021ء) اسٹیٹ بینک نے پاک چین سفارتی تعلقات کے 70برس مکمل ہونے پر70روپے مالیت کا یادگاری سکہ جاری کیا ہے ۔یادگاری سکہ کی تقریب رونمائی گزشرہ روز اسلام آباد میںمنعقد ہوئی جہاں چینی سفیر نونگ رونگ،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر نے یادگاری سکہ کی رونمائی کی ۔

گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر نے خطبہ استقبالیہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور چین کے سفیر نونگ رونگ کا تقریب میں شرکت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کی سالگرہ منانے کے لیے یادگاری سکہ جاری کرکے حکومت پاکستان نے جو خراج تحسین ادا کیا ہے اسٹیٹ بینک کے لیے اس کا حصہ بننا باعث اعزاز ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ چین اور پاکستان عوام کی بھلائی کے لیے مختلف محاذوں پر ایک دوسرے سے تعاون کررہے ہیں۔

انہوں نے عوامی جولیریہ چین کے قیام کی سالگرہ، دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام اور پاک چین سال دوستی منانے کے موقعے پر اسٹیٹ بینک کی طرف سے جاری کیے جانے والے یادگاری سکوںکا ذکر کیا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے خطاب میں پاکستان اور چین کی دوستی کو پوری دنیا کے لیے بہترین نمونہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مضبوط سفارتی تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں، جو مشکل کی ہر گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہے۔

انہوں نے صدر شی جن پنگ کی زیرِ صدارت چین کی وڑنری قیادت کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کا منصوبہ تخلیق کیا اور بھاری سرمایہ کاری کی داغ بیل ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کی بنیاد ہیں۔ پاکستان میں چینی سفیر نونگ رانگ نے اپنے خطاب میں کہاکہ چینی حکومت اور عوام دونوں اپنے پاکستانی بھائیوں سے محبت کرتے ہیں اور ملک کو زندگی کے ہر شعبے میں ترقی کرتا دیکھنے کے خواہش مند ہیں۔

انہوں نے کہاکہ چین اور پاکستان تمام اہم بین الاقوامی معاملات پر یکساں موقف رکھتے ہیں۔واضح رہے کہ پاک چین تعلقات کے موضوع پر جاری ہونے والایہ اپنی نوعیت کا چوتھا سکہ ہے۔ 10روپے مالیت کا پہلا سکہ عوامی جمہوریہ چین کے قیام کی 60ویں سالگرہ کے پرمسرت موقع پر اکتوبر2009ء میں جاری کیا گیا تھا۔20روپے مالیت کا دوسرا سکہ مئی2011ء میں پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی60ویں سالگرہ منانے کے سلسلے میں جاری کیا گیا اور اسے پاک چین دوستی کا سال قرار دیا گیا تھا۔

تیسرا سکہ2015ء میں ’’پاکستان چین دوستانہ تبادلے کا سال2015ء ‘‘ منانے کے لیے جاری کیا گیا۔یہ سکہ ایس بی پی بینکنگ سروسز کارپوریشن کے تبادلہ کائو نٹرز سی11جون2021ء سے جاری کیا جائے گا۔ یہ سکہ گول ہے اور اس کے کنارے پر دندانے ہیں، اس کا قطر30.00ملی میٹراور وزن13گرام ہے جو تانبے اورنکل کے دھاتی اجزا پر مشتمل ہے۔