Live Updates

جہانگیر ترین کی شوگرملز کا آڈٹ روکنے کی درخواست مسترد

جمعہ 11 جون 2021 14:37

جہانگیر ترین کی شوگرملز کا آڈٹ روکنے کی درخواست مسترد
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2021ء) عدالت نے جہانگیر ترین کی شوگرملز کے آڈٹ کیخلاف دائر درخواست مسترد کردی۔تحریک انصاف کے ناراض رہنما جہانگیر ترین نے لاہور ہائی کورٹ میں شوگرملز کے آڈٹ کے خلاف درخواست دائر کی، درخواست پر سماعت جسٹس محمد راحیل کامران شیخ نے کی۔درخواست میں ایف بی آر سمیت دیگر کو فریق بناتے ہوئے موقف اپنایاگیا کہ جے ڈی ڈبلیو شوگر ملز کا شمار پاکستان کے بڑے ٹیکس دہندگان میں ہوتا ہے، آڈٹ کمشنر نے 21 مئی کو جے ڈی ڈبلیو شوگر ملز کا 2015 کا آڈٹ کرنے کا نوٹس بھجوایا ہے، اور نوٹس کے ذریعے انکم ٹیکس سے متعلق مختلف دستاویزات اور ریکارڈ مانگا گیا ہے۔

درخواست گزار کا کہنا ہے کہ ایف بی آر 5 برس کا عرصہ گزرنے کے بعد کسی بھی کاروباری ادارے کا آڈٹ کرنے کا مجاز نہیں، قانونی طور پر ایف بی آر 2015 کا ٹیکس آڈٹ کرنے کیلئے 30 ستمبر 2020 تک مجاز تھا، ٹیکس آڈٹ کرنے کا قانونی عرصہ گزر چکا ہے، اب بھیجا گیا آڈٹ نوٹس غیر قانونی اور بد نیتی پر مبنی ہے۔

(جاری ہے)

استدعا ہے کہ ایف بی آر کا جے ڈی ڈبلیو شوگر ملز کے آڈٹ کا نوٹس ٹیکس آرڈیننس کی دفعہ 122 اور 174 سے متصادم ہے، ایف بی آر کا 2015 کا آڈٹ کرنے کا نوٹس زائد المیعاد قرار دے کر کالعدم کیا جائے اور درخواست کے حتمی فیصلے تک ایف بی آر کو جے ڈی ڈبلیو شوگر ملز کے خلاف تادیبی کارروائی سے روکا جائے۔

عدالت نے درخواست گزار اور ایف بی آر کے وکلا کا موقف سن کر جے ڈی ڈبلیو شوگر مل کو بھجواے گئے نوٹسز کالعدم قرار دینے کی درخواست خارج کردی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات