سندھ بار کونسل کی جانب سے کوئٹہ میں وکیل کے قتل اور کراچی میں وکلا کے خلاف مقدمات کے اندراج کے خلاف ہڑتال کی گئی

جمعہ 11 جون 2021 15:08

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2021ء) سندھ بار کونسل کی جانب سے کوئٹہ میں سینئر وکیل اجمل کاسی کے قتل اور کراچی میں وکلا کے خلاف مقدمات کے اندراج کے خلاف جمعہ کوصوبے بھر کی عدالتوں میں ہڑتال کی گئی۔سندھ بار کونسل کے مطابق بلوچستان میں حکومت امن و امان کی صورتحال پر قابو پانے میں ناکام ہوچکی ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومت امن و امان کی صورتحال ملک میں بہتر بنائیں۔

(جاری ہے)

اجمل کاسی ایڈووکیٹ کے قاتلوں کو فوری گرفتار کیا جائے۔وائس چیئرمین سندھ بار کونسل ضیا لنجار نے کہاکہ سندھ بار کونسل کے ممبر سجاد چانڈیو اور ایاز لطیف پلیجو پر جھوٹے مقدمات درج کیے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئی جی سندھ پولیس نوٹس لے کر دونوں وکلا کے نام مقدمات سے ختم کرائیں۔ مقدمات درج کرنے والوں کے خلاف کاروائی کی جائے۔ ہڑتال کے باعث وکلاء عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے، جس سائلین کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔