دنیا اسلامو فوبیا کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کر ے‘محمد سرور

اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین کو حل کر نا ہوگا ‘ گورنر پنجاب

جمعہ 11 جون 2021 19:10

دنیا اسلامو فوبیا کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کر ے‘محمد سرور
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2021ء) گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور او ر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی ملاقات کے دوران گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے وزیر خارجہ کو اپنے دورہ امر یکہ کے دوران امر یکی سینیٹرز ،کانگر یس اراکین ،گور نرز اور میئر سمیت دیگر سے ہونیوالی ملاقاتوں سمیت مختلف امور کے بارے میں بتایا ۔ملاقات کے دوران گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور اور وزیر خارجہ شاہ محمود قر یشی نے سانحہ کینیڈا پر کینیڈین وزیر اعظم کے مثبت ردعمل کا خیر مقدم کرتے ہوئے دنیا پر زور دیا ہے کہ اسلامو فیا کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات کیے جائیں اور ایسے واقعات کو روکا جائے ،سانحہ کینیڈا میں ملوث شخص کے خلاف سخت تر ین کاروائی کی جائے ۔

گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں الحمد للہ آج سفارتی محاذ پرپاکستان کامیابی کے ساتھ آگے بڑ ھ رہا ہے۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام پر اسرائیلی دہشت گردی کے خلاف پاکستان نے جس طر ح پوری دنیا میں مقدمہ لڑا ہے اس میں شاہ محمودقر یشی کا اہم کردار ہے اور اس بات میں کوئی شک نہیں کہ آج دنیا پاکستان کے موقف کو نہ صرف سن رہی ہے بلکہ سفارتی محاذ پر بھارت تنہائی کا شکار ہورہا ہے۔

چوہدری محمدسرور نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اسلامو فوبیا کے خلاف امت مسلمہ کے تر جمان ہیں وقت آچکا ہے دنیا اسلامو فوبیا کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کر ے۔ اُنہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین کے حل کے بغیر دنیا میں امن قائم نہیں ہوسکتا اس لیے کل نہیں آج ہی اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین کو حل کر نا ہوگا ۔

وزیر خارجہ شاہ محمودقر یشی نے کہا کہ کینیڈا میں ہمارا سفارتخانہ متاثرہ خاندان کیساتھ مسلسل رابطے میں ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ اسلامو فوبیا کیخلاف عالمی سطح پر موثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ سانحہ کینیڈین کے بے گناہ مقتولین کو انصاف دلانے کے لیے اور اسلامو فوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کے تدارک کیلئے میری کینیڈین وزیر خارجہ سے مفصل بات چیت ہوئی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ متقولین کو انصاف کی مکمل فراہمی یقینی بنائیں گے ۔