Live Updates

وفاقی بجٹ 2021 : بیرون ملک سے موبائل فون منگوانے والوں کیلئے بُری خبر

حکومت نے موبائل فون درآمد کرنے پر ڈیوٹی میں مزید اضافہ کرنے کا اعلان کردیا

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 11 جون 2021 18:51

وفاقی بجٹ 2021 : بیرون ملک سے موبائل فون منگوانے والوں کیلئے بُری خبر
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 11 جون 2021ء ) پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے وفاقی بجٹ برائے مال سال 2021-22 میں بیرون ملک سے موبائل فون منگوانے والوں کیلئے بُری خبر آگئی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے موبائل فون درآمد کرنے پر ڈیوٹی میں مزید اضافہ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے تاہم پاکستان میں ملنے والے نئے موبائل فونز خریدنے والوں کیلئے اچھی خبر ہے کہ موبوئل فونز کے ٹیکس میں نمایاں کمی کردی گئی ، وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ نئے بجٹ میں ود ہولڈنگ ٹیکس رجیم میں 40 فیصد تک کمی کی تجویز دی گئی ہے، اس سلسلے میں موبائل فونز پر موجودہ ود ہولڈنگ ٹیکس کی شرح 12 اعشاریہ 5 فیصد سے کم کرتے ہوئے 10 فیصد کر نے کی تجویز ہے جب کہ موبائل سروسز پر ود ہولڈنگ ٹیکس 8 فیصد تک بتدریج کم کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

شوکت ترین نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے بجٹ میں آٹو ڈس ایبل سرنچ ، آکسیجن سلنڈر پر ٹیکس میں چھوٹ دے دی گئی ہے، جب کہ قرآن پاک میں استعمال ہونے والے کاغذ کی درآمد پر ٹیکس چھوٹ دینے کا اعلان کیا گیا ہے ، اس کے علاوہ خوردنی تیل اور گھی پر اضافی فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی واپس لینے کی تجویز ہے ، آئی ٹی اور آئی ٹی سروسز کو زیرو ریٹنگ کا درجہ دے دیا گیا ، بجٹ میں آئی ٹی زون کیلئے پلانٹ، مشینری ، سازو سامان اور خام مال پر ٹیکس چھوٹ کی تجویز دے دی گئی۔

وفاقی حکومت نے اپنے نئے بجٹ میں چھوٹی گاڑیاں خریدنے والوں کو بھی بڑا ریلیف دے دیا، اس سلسلے میں حکومت نے میری گاڑی اسکیم بھی متعارف کروائی ہے، جس کے تحت 850 سی سی گاڑیوں پر ایکسائز ڈیوٹی ختم کردی گئی ہے جب کہ کسٹم اور ریگولیٹری ڈیوٹی کو بھی ختم کردیا گیا ، اس کے علاوہ الیکٹرک گاڑیوں کے لیے ٹیکس کی چھوٹ دے دی گئی ہے جب کہ پہلے سے بننے والی گاڑیوں اور نئے ماڈلز کو ایڈوانس کسٹم ڈیوٹی سے استثنیٰ قرار دے دیا گیا۔

وفاقی وزیرخزانہ شوکت ترین نے بجٹ تقریر میں کہاکہ فی کس آمدنی میں 15 فیصد اضافہ ہوا ہے، کم سے کم اجرت 20 ہزار روپے ماہانہ کی جا رہی ہے، وفاقی سرکاری ملازمین کو 10 فیصد ایڈہاک ریلیف فراہم کیا جائے گا، تمام پنشنرز کی پنشن میں 10 فیصد اضافہ کیا جائے گا، اردلی الاﺅنس 14 ہزار روپے سے بڑھا کر ساڑھے 17 ہزار روپے کیا جا رہا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات