بجٹ سے عیاں ہے ہم نے معیشت کو مستحکم کر لیا ،اب گروتھ کی طرف جانا ہے ،شاہ محمود قریشی

بجٹ میں مراعات ، رعایات دی گئیں،متوسط طبقے کا خاص خیال رکھا گیا ہے ، وزیر خارجہ کی میڈیا سے گفتگو

جمعہ 11 جون 2021 23:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2021ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بجٹ سے عیاں ہے ہم نے معیشت کو مستحکم کر لیا ،اب گروتھ کی طرف جانا ہے ،بجٹ میں مراعات ، رعایات دی گئیں،متوسط طبقے کا خاص خیال رکھا گیا ہے ۔بجٹ2021-22ء کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اس بجٹ سے عیاں ہے کہ ہم نے معیشت کو مستحکم کر لیا ہے اور اب ہم نے گروتھ کی طرف جانا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس بجٹ میں مراعات اور رعایات دی گئی ہیں،متوسط طبقے کا بھی خاص خیال رکھا گیا ہے اور غریب طبقے کیلئے بہت سی نئی سکیموں کا اعلان کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کو اپنے گھر کا مالک بنانے کیلئے پالیسی مرتب کی گئی ہے اور رقم مختص کی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس بجٹ میں کسانوں کیلئے بہت سی مراعات ہیں جن میں بلاسود قرضوں کی فراہمی شامل ہے تاکہ زراعت کا شعبہ مزید ترقی کرے ۔انہوں نے کہا کہ ہاؤسنگ کے شعبے پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے ،کوشش کی گئی ہے کہ یہ "ایکسپورٹ لیڈ گروتھ بجٹ" ہو۔انہوں نے کہا کہ ملازمین کی تنخواہوں اور پنشنز میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس بجٹ سے ہم اقتصادی حوالے سے گروتھ کی جانب گامزن ہوں گے۔