Live Updates

تحریک انصاف نے اس بجٹ میں بھی عوام سے جھوٹے وعدے کیے،فضل الرحمن ناصر

جمعہ 11 جون 2021 23:43

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جون2021ء) جمعیت علماء اسلام پاکستان کے ضلعی جنرل سیکرٹری مفتی فضل الرحمن ناصر نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے ہمیشہ کی طرح اس بجٹ میں بھی عوام سے جھوٹے وعدے کیے ہیں جن کے پورے ہونے کا کوئی امکان نہیں۔ ایک سال میں کئی کئی مرتبہ بجلی ، گیس اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کرنے والے کس منہ سے بجٹ پیش کرتے ہیں۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ ریکارڈ بھی پی ٹی آئی کے حصے میں آیا ہے کہ اس کا تیسرا بجٹ تیسرا وزیر خزانہ پیش کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نالائق حکمران اپنی نا اہلی کو بھی پرفارمنس بنا کر پیش کر رہے ہیں اور افسوس اس بات کا ہے کہ انہیں اس پر تالیاں بجانے والے بھی میسر ہیں۔ غریب فاقوں سے مر رہا ہے اور عوام کے پیسوں پر عیاشی کرنے والے حکومتی بزرجمہر جھوٹی سچی کہانیوں میں معاشی ترقی کی داستانیں سنا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب تک حکومتی وزراء کی عیاشیاں ختم نہیں کی جاتیں ملکی حالات میں بہتری ممکن نہیں۔ جعلی ووٹوں کے ذریعے برسر اقتدار آنے والی جعلی حکومت جعلی بجٹ اور جعلی اعداد و شمار کے ذریعے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کر رہی ہے جس میں اسے کامیابی نہیں ہو گی
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات