وفاقی بجٹ میں زیتون کی کاشت بڑھانے کیلئے ایک ارب اور آبی گزرگاہوں کی مرمت اور بہتری کے لئے تین ارب روپے مختص

جمعہ 11 جون 2021 23:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2021ء) وفاقی بجٹ میں زیتون کی کاشت بڑھانے کے لئے ایک ارب روپے، آبی گزرگاہوں کی مرمت اور بہتری کے لئے تین ارب روپے مختص کر دیئے گئے ۔

(جاری ہے)

جمعہ کو قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے وفاقی زیر خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ زرعی شعبے میں ٹڈی دل، ایمرجنسی اور فوڈ سیکیورٹی پراجیکٹ کے لئے ایک ارب روپے، چاول، گندم، کپاس ،گنے اور دالوں کی پیداوار میں اضافے کے لئے دو ارب روپے ، تجارتی بنیادوں پر زیتون کی کاشت بڑھانے کے لئے ایک ارب روپے، آبی گزرگاہوں کی مرمت اور بہتری کے لئے تین ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔

آبی تحفظ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لئے 91 ارب روپے رکھے جارہے ہیں، داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے پہلے مرحلے کے لئے 57 ارب روپے، دیامر بھاشا ڈیم کے لئے 23 ارب روپے، مہمند ڈیم کے لئے چھ ارب روپے اور نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے لئے 14 ارب روپے کی تجویز ہے۔ اس کے علاوہ دیگر منصوبے بھی زیر عمل ہیں۔