سلامتی کونسل کی نشستیں حاصل کرنے والے پانچ ممالک میں امارات بھی شامل

برازیل ، متحدہ عرب امارات ، البانیہ ، گھانا اور گابون اپنی سرگرمیاں یکم جنوری سے شروع کریں گے

ہفتہ 12 جون 2021 11:25

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2021ء) اقوام متحدہ نے سلامتی کونسل میں شامل ہونے کے لیے پانچ ممالک کا انتخاب کرلیا۔ ان میں برازیل ، متحدہ عرب امارات ، البانیہ ، گھانا اور گابون شامل ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق سلامتی کونسل کے 15 مستقل رکن ممالک ہیں۔ کونسل میں نشست حاصل کرنا عالمی سطح پر سفارت کارے کے میدان میں اہم کامیابی ہے۔

امارات کی اس کامیابی سے شام ، یمن ، مالی اور میانمار کے تنازعات کے پرامن حل ، ایران اور شمالی کوریا کے جوہری خطرات کے تدارک اور القاعدہ اور داعش جیسے دہشت گرد گروپوں کی بیخ کنی کے لیے عالمی سطح پر ہونے والی کوششوں کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔یہ پہلا موقع ہوگا جب البانیہ کونسل میں شریک ہوگا اور جب کہ برازیل کو یہ نشست بارہویں مرتبہ ملی ہے۔

(جاری ہے)

برازیل اور جاپان سلامتی کونسل میں نشستوں کی تعداد میں برابر ہوگئے ہیں۔جنرل اسمبلی کے صدر ولکان بوزکیر نے خفیہ رائے شماری کے نتائج کا اعلان کیا اور فاتحین کو مبارکباد پیش کی۔پانچ نئے کونسل ممبران اپنی سرگرمیاں یکم جنوری سے شروع کریں گے۔ دسمبر کے آخر تک ایسٹونیا ، نائیجر ، سینٹ ونسنٹ اور گریناڈائنز ، تیونس اور ویتنام کی نسشست کی مدت مکمل ہوجائے گی۔کونسل کے پانچ مستقل ویٹو پاور ارکان یعنی امریکا ، روس ، چین ، برطانیہ اور فرانس ہیں جب کہ گذشتہ سال منتخب ہونے والے پانچ ممالک میں ہندوستان ، آئرلینڈ ، کینیا ، میکسیکو اور ناروے شامل تھے۔