متحدہ عرب امارات میں مقیم ایکسپائرڈ ویزہ ہولڈرز کو بڑی رعایت مل گئی

اب تمام ایکسپائرڈ ویزہ رکھنے والے بھی ابوظبی میں کورونا ویکسین مفت لگوا سکیں گے

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 12 جون 2021 12:32

متحدہ عرب امارات میں مقیم ایکسپائرڈ ویزہ ہولڈرز کو بڑی رعایت مل گئی
ابوظبی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔12 جون2021ء ) اماراتی حکومت نے کورونا کی وبا کوجڑ سے اُکھاڑنے کا تہیہ کر رکھا ہے، اس مقصد کے لیے مملکت میں چند ماہ کے دوران ہی ریکارڈ ویکسی نیشن کی گئی ہے ۔ اب تک ایک کروڑ 35 لاکھ سے زائد ویکسین خوراکیں لگا دی گئی ہیں۔ جبکہ روزانہ کی بنیادوں پر پی سی آر ٹیسٹنگ کے معاملے میں بھی امارات دُنیا بھر کے پانچ بہترین ممالک کی فہرست میں شامل ہے۔

متحدہ عرب امارات کورونا کی وبا پر قابو پانے کے لیے ابوظبی حکومت نے ایک اہم اعلان کر دیا ہے جس کے تحت اب ایکسپائرڈ ویزہ ہولڈرز بھی مفت ویکسین لگوا سکیں گے۔ خلیج ٹائمز کے مطابق ابوظبی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ رہائشی اور انٹری ویزہ رکھنے والوں کے ویزے کی مُدت اگر ختم بھی ہو گئی ہے تو بھی وہ ویکسین لگوا سکیں گے۔

(جاری ہے)

ابوظبی ایمرجنسی، کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر کمیٹی کا کہنا ہے کہ اب کوئی بھی ایکسپائرڈ رہائشی ویزہ ہولڈر یا ایکسپائرڈ انٹری ویزہ ہولڈر بھی ویکسین لگوا سکتا ہے تاکہ اس کی زندگی اور صحت کورونا کے خطرات سے محفوظ رہے۔

ایکسپائرڈ ویزہ ہولڈرز کو یہ رعایت وبا کے باعث پیدا ہونے والے خصوصی حالات کی وجہ سے دی جا رہی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کوئی بھی ایکسپائرڈ ویزہ ہولڈر ریاست کے کسی بھی ویکسی نیشن سنٹر پر جا کر اپنی رجسٹریشن کروانے کے بعد مفت ویکسین لگوا سکتا ہے۔واضح رہے کہمتحدہ عرب امارات کورونا ویکسی نیشن کے معاملے میں دُنیا بھر میں اسرائیل کے بعد دوسرے نمبر پر آ گیا ہے۔

اس کی ایک بڑی وجہ یہاں کا بہترین اور جدید ہیلتھ سیکٹر اور اماراتی اداروں کی انتہائی شاندار کارکردگی ہے جس کا مقصد مملکت سے کورونا کا مکمل خاتمہ ہے۔ امارات میں مقیم بالغ افراد کی 100 فیصد آبادی کو ویکسین لگا دینے کی منزل اب چند ہفتے دور رہ گئی ہے۔ اماراتی حکومت کے مطابق مملکت میں 16 سال سے زائد عمرکی 85 فیصد آبادی کو ویکسین لگائی جا چکی ہے جبکہ 60 سال سے زائد عمر کے افراد میں ویکسی نیشن کی شرح 96 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

نیشنل ایمرجنسی کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ (NCEMA)کے مطابق اب تک ملک بھر میں کورونا کی ایک کروڑ 35 لاکھ خوراکیں لگا دی گئی ہیں۔ اس حساب سے روزانہ ویکسی نیشن کی اوسط 78,733 خوراکیں بن رہی ہے۔ اسی رفتار سے ویکسی نیشن جاری رہی تو اگلے 25 روز میں امارات کی مزید 10 فیصد آبادی کو بھی ویکسین لگا دی جائے گی۔ مملکت کی 85فیصد آبادی کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔

جن میں تارکِ وطن اور مقامی دونوں افراد شامل ہیں۔ گزشتہ صرف ایک ہفتے کے دوران مملکت کی تین فیصد آبادی کو ویکسین لگائی گئی ہے۔ امارات میں 12 سے 15 سال کے کم سن افراد کو فائز ر بائیو این ٹیک ویکسین لگانے کا آغاز بھی ہو چکا ہے۔ جبکہ جن افراد کو چین کی سائنو فارم ویکسین کی دونوں خوراکیں دی جا چکی ہیں ، انہیں چھ ماہ کے بعد اب فائزر ویکسین کا تیسرا انجکشن بھی بوسٹر کے طور پر دیا جارہا ہے، کیونکہ کمزور مدافعت والے افراد میں چھ ماہ کے بعد سائنو فارم ویکسین کا اثر کم ہو جاتا ہے۔ جس کی وجہ سے وائرس کے خلاف موثر مدافعت نہیں ہو پاتی۔ تاہم تیسری خوراک سے ان افراد میں اینٹی باڈی دوبارہ سے طاقت ور ہو جاتے ہیں ۔