نائجیریا کے دیہی علاقوں میں مسلح افراد کے حملے،90سے زائد افرادقتل

حملہ آوروں نے مقامی باشندوں پر دوران نیند حملے کر کے انہیں بڑی بے رحمی سے قتل کر دیا،پولیس ترجمان

ہفتہ 12 جون 2021 13:58

ابوجہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2021ء) نائجیریا کے چند دیہی علاقوں میں مسلح افراد نے رات کے وقت حملے کر کے نوے سے زائد باشندوں کو ہلاک کر دیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق حکام نے ان حملوں کے تناظر میں مقامی لوگوں سے ایسے حملہ آوروں کے خلاف اٹھ کھڑ ے ہونے کی اپیل کی ہے۔نائجیریا کے میڈیا نے پولیس کے حوالے سے اطلاع دی کہ ملک کے شمال مغربی علاقے میں مسلح حملہ آوروں نے 90 سے زیادہ افراد کو رات کے وقت کیے گئے حملوں میں گولیاں مار کر قتل کر دیا۔

پولیس کے ایک ترجمان نے خبر رساں ادارے سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جن دیہات میں یہ حملے کیے گئے،ان میں زرمی کا ایک گائوں کداوا بھی شامل تھا، اور حملہ آوروں نے مقامی باشندوں پر دوران نیند حملے کر کے انہیں بڑی بے رحمی سے قتل کر دیا۔

(جاری ہے)

پولیس ترجمان کا کہنا تھاکہ ان حملوں کی اطلاع ملتے ہی پولیس کمشنر نے سکیورٹی اہلکاروں کے کئی یونٹوں کو حکم دیا کہ وہ علاقے میں متحرک ہو جائیں اور مختلف مقامی برادریوں کے مابین امن اور اعتماد کی بحالی کی کوششیں کرنے کے ساتھ ساتھ ان حملوں کے مرتکب مجرموں کا سراغ بھی لگائیں تاکہ ان کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔

ان حملوں کے تناظر میں ریاستی گورنر نے مقامی باشندوں سے کہا کہ وہ حملہ آوروں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں اور انہیں منہ توڑ جواب دیں۔ مقامی اخبار نائجیرین ٹریبیون نے ریاستی گورنر بیلو متاوالے کے بیان کے حوالے سے لکھا کہ میں ریاستی عوام سے کہتا ہوں کہ اگر ڈاکو ان پر حملے کریں، تو وہ خود بھی اپنا دفاع کریں۔ حکومت نے اس بات کی منظوری دے دی ہے کہ جب بھی مسلح افراد آپ پر حملہ کریں، آپ اپنے تحفظ کے لیے سکیورٹی اہلکاروں کا انتظار نہ کریں بلکہ خود بھی اپنی حفاظت کی کوشش کریں۔

شمال مغربی اور وسطی نائجیریا میں سکیورٹی کی صورت حال اس وقت کافی نازک ہے۔ تشدد میں یہ اضافہ صدر محمدو بوہاری کی سکیورٹی فورسز کے لیے ایک نیاچیلنج ہے۔ سکیورٹی فورسز پہلے ہی گزشتہ ایک عشرے سے بھی زیادہ عرصے سے ملک کے شمال مشرق میں جہادیوں کے خلاف بر سر پیکار ہیں۔

متعلقہ عنوان :