برسلز، سیمینار کے مقررین کا مقبوضہ جموںکشمیر کی ابتر صورتحال پر اظہار تشویش

ہفتہ 12 جون 2021 14:33

برسلز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2021ء) کشمیر کونسل یورپ کے زیر اہتمام برسلز میں منعقدہ ایک سیمینار کے مقررین نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر کی ابتر صورتحال پر شدید تشویش کاا ظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت کو نہتے کشمیریوں پر مظالم اور مقبوضہ علاقے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے سے روکے۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق یورپی پریس کلب برسلز میں ہونے والے سیمینار میں سیاسی ماہرین ، دانشور اور زندگی کے دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد شریک تھے۔ سیمینار کی صدارت کشمیر کونسل یورپ کے چیئرمین علی رضا سید نے کی جبکہ سابق رکن یورپی پارلیمنٹ بیورن ہولتن اور ہنگری کے معروف صحافی آندرے بارکس نے سیمینار میںبطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

(جاری ہے)

مقررین میں سینئرکشمیری رہنماسردار صدیق، پی پی پی رہنماء ملک اجمل، پاکستانی دانشور راؤ مستجاب احمد، کشمیری رہنمامیرشاہجہان، چوہدری خالد جوشی اور سردار محمود ، بلجیم کے پاکستانی نڑاد کونسلرز عامر نعیم سنی اور ناصر چوہدری اور پی ٹی آئی کے رہنماء سید اظہر شاہ شامل تھے۔ شرکا میں دیگر کے علاوہ زبیر اعوان، سید ساجد شاہ اور خرم شاہ شامل تھے۔

مقررین نے نریندر مودی کی فسطائی حکومت کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں جاری جبر و استبداد اور غیر قانونی اقدامات کی شدید مذمت کی۔ انہوںنے کہا کہ بھارت مقبوضہ علاقے میں انسانیت کے خلاف اپنے جرائم کو چھپانے کی ناکام کوشش کر رہا ہے۔ انہوںنے کہا کہ بھارت کی چیرہ دستیوں کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ حق پر مبنی اپنی جدوجہد جاری رکھنے کا عزم کیے ہوئے ہیں۔ انہوںنے چوٹہ بازار سرینگر قتل عام کے شہداء کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیاں ایک روز ضرور رنگ لائیں گی۔ مقررین نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیریوں پر مظالم رکوانے اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔