بھارتی فورسز گزشتہ سات دہائیوں سے کشمیریوں کا خون بہا رہی ہیں، جموںوکشمیر فورم فرانس

ہفتہ 12 جون 2021 14:33

فرانس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2021ء) جموںوکشمیر فورم فرانس نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ جموںوکشمیر میں جاری خونریزی روکنے کیلئے کردارادا کرے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق جموںوکشمیر فورم فرانس نے ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فورسز گزشتہ سات دہائیوں سے زائد عرصے سے مقبوضہ علاقے میں بے گناہ لوگوں کا خون بہا رہی ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ 5اگست2019کے بعد نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم میں تیزی آئی ہے اور مودی حکومت نے فورسز کو بیگناہ کشمیری نوجوانوں کے قتل کی کھلی چھٹی دے دی ہے۔ بیان میں کہا کہ ستم رسیدہ کشمیری خواتین اور بچے اس وقت عالمی برادری کی توجہ کے منتظر ہیں ۔ بیان میں کہا کہ بھارتی چیرہ دستیوں کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور اپنی جدوجہد جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہیں۔

(جاری ہے)

بیان میں چوٹہ بازار قتل عام کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ علاقے کی گزشتہ تیس برسوں کی تاریخ قتل عام کے اس طرح کے اندوہناک واقعات سے بھری پڑی ہے۔ بیان میں ایمنسٹی انٹرنیشنل ہیومن رائٹس واچ اور انسانی حقوق کی دیگر عالمی تنظیموں سے اپیل کی گئی کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی مظالم کے خلاف موثر طریقے سے آواز اٹھائیں۔ دریں اثنا فورم فرانس نے پیرس میں قائم بھارتی سفارتحانے کے نام ایک یادداشت بھیجی ہے جس میں بھارتی حکومت پر زور دیا گیا ہے کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بیگناہ لوگوں پر مظالم کا سلسلہ بند کرکے کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق انکا پیدائشی حق، حق خود ارادیت دے۔