بھارت کشمیری مسلمانوں کی بے دریغ نسل کشی کر رہا ہے، ایمپلائیز موئومنٹ

ہفتہ 12 جون 2021 14:33

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2021ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی اکائی جموں کشمیر ایمپلائز موومنٹ نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ علاقے میں آ بادی کا تناسب تبدیل کرنے کیلئے کشمیری مسلمانوں کی بے دریغ نسل کشی کر رہا ہے ۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ایمپلائیز موومنٹ کے جنرل سیکرٹری جنید الاسلام نے سرینگر سے جاری بیان میں کہا کہ کشمیری پہلے ہی نو لاکھ سے زائد بھارتی فورسز اہلکاروں کے حصار میں زندگی گزار رہے ہیں اور اب ظلم و ستم کا بازار مزید گرم کرنے کیلئے اور ہزاروںفوجی مقبوضہ علاقے میں تعینات کیے گئے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ مودی حکومت کشمیریوں کی شناخت ختم کرنے کے مصوبے منصوبے پر عمل پیرا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے افسوس ظاہر کیا کہ عالمی برادری نے کشمیریوں کی مشکلات اور پریشانیوں پر مجرم خاموشی اختیارکر رکھی ہے ۔ جنید الاسلام نے کہا کہ بھارت نے حریت رہنمائوں اور کارکنوں سمیت ہزاروں کشمیریوں کو جیلوں اور عقوبت خانوں میں قید کررکھا ہے جنہیں طبی سمیت تمام بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے۔

انہوںنے کہا کہ مقبوضہ جموںوکشمیر اس وقت مکمل طور پر ایک جیل کا منظر پیش کر رہا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ کشمیریوں کی بیش بہا قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی اور کشمیری بھارتی چنگل سے ایک روز ضرور آزادی حاصل کر لیں گے۔جنید الاسلام نے بھارت پر زور دیا کہ وہ کشمیرکے بارے میں اپنی ظالمانہ پالیسی ترک کرے اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دے کر تنازعہ کشمیر حل کرے ۔