کراچی: موٹر سائیکل لفٹر، ڈاکو گرفتار، اندھی گولی سے خاتون زخمی

پولیس نے موٹر سائیکل چوری اور چھیننے کی وارداتوں میں ملوث ملزم ساجد کو اسلحے اور چوری کی موٹر سائیکل سمیت گرفتارکرلیا

ہفتہ 12 جون 2021 16:23

کراچی: موٹر سائیکل لفٹر، ڈاکو گرفتار، اندھی گولی سے خاتون زخمی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2021ء) کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے موٹر سائیکل لفٹر اور ایک ڈاکو کو گرفتار کر لیا جبکہ ایک بزرگ خاتون اندھی گولی سے زخمی ہو گئیں۔کراچی کے علاقے میمن گوٹھ سے پولیس نے موٹر سائیکل لفٹر کو گرفتار کر لیا۔میمن گوٹھ سے پولیس نے موٹر سائیکل چوری اور چھیننے کی وارداتوں میں ملوث ملزم ساجد کو اسلحے اور چوری کی موٹر سائیکل سمیت گرفتار کیا۔

(جاری ہے)

ملزم کو سی سی ٹی وی کی مدد سے گرفتار کیا گیا جس میں وہ ساتھیوں کے ہمراہ موٹر سائیکل چھین کر فرار ہو رہاتھا، ملزم کے ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔ادھر کھوکھرا پار سے پولیس نے مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔کھوکھراپار میں مبینہ پولیس مقابلے کے بعد ڈاکو نثار کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا ہے، ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کی گئی۔دوسری جانب ڈاکس تھانے کی حدود میں سلطان آباد کے علاقے میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 55 سالہ لال زادی زخمی ہوگئیں جنہیں فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :