زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کیو ایس ، بین الاقوامی رینکینگ میں پاکستان کی ٹاپ 10 یونیورسٹیوں میں شامل ہے،پروفیسر ڈاکٹر انس سرور

زراعت ، لائیو سٹاک اور ویٹرنری کے شعبوں میں یہ جامعہ تعلیم و تحقیق میں نمایاں کارکردگی کی حامل ہے، وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی

ہفتہ 12 جون 2021 17:04

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2021ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کیو ایس ، بین الاقوامی رینکینگ میں دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں میں سے پاکستان کی ٹاپ 10 یونیورسٹیوں میں شامل ہے۔ جس کا واضح مطلب ہے کہ زراعت ، لائیو سٹاک اور ویٹرنری کے شعبوں میں یہ جامعہ تعلیم و تحقیق میں نمایاں کارکردگی کی حامل ہے۔ ان باتوں کا اظہار یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر انس سرور قریشی نے اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کے وفد کے ساتھ ایک خصوصی اجلاس کے دوران کیا ۔

انہوں نے کہا کہ اساتذہ کو اسلام اور مشرقی روایات میں جو احترام حاصل ہے اس کے تناظر میں یونیورسٹی ان کے مقام کے مطابق سازگار ماحول اور سہولیات کے لئے پر عزم ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن نے یونیورسٹی میں اساتذہ کے تعمیری کردار کے حوالے سے جو مثبت کوششیں کیں ہیں وہ انہیں قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر انس سرور قریشی نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی کی غذائی ضروریات کے پیش نظر یونیورسٹی کے سائنسدانوں کو انڈسٹری کے ساتھ مل کر پیداواریت کو نئی بلندیوں سے ہمکنار کرنا ہو گا ۔

انہوں نے صنعتی و تجارتی شعبے کے یونیورسٹی سے رابطے کے لئے سہولت مرکز قائم کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح ہم با مقصد اور مسائل کے حل پر مبنی ایسی تحقیق کو فروغ دے سکیں گے ، جس سے عام آدمی فائدہ اٹھا سکے گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن اساتذہ کی ایک منتخب تنظیم ہے جس کے ساتھ ملکر تمام امور خالصتا میرٹ پر حل کیے جائینگے ۔

اس موقع پر اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کے صدر ، ڈاکٹر عیسیٰ خان نے مختلف شعبہ جات میں اساتذہ کی طویل عرصہ سے خالی اسامیوں کی جانب توجہ مبذول کرواتے ہوئے اس مسئلہ کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اے ایس اے کے دفتر کے لئے جگہ مختص کرنے کے ساتھ ساتھ فیکلٹی کیفے ٹیریا کا قیام ، سٹاف کلب کی تزئین و آرائش ، اساتذہ کے اضافی معاوضہ جات اور صحت عامہ کے ساتھ ساتھ ٹینور ٹریک سسٹم فیکلٹی کے مسائل ایچ ای سی کے ساتھ مشاورت کے ذریعے ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں ۔

اجلاس میں ڈاکٹر انجم ضیاء سیکرٹری‘ ڈاکٹر محمد صغیر نائب صدر‘ڈاکٹر محمد ساجد عقیل جوائنٹ سیکرٹری ‘ ڈاکٹر عبدالغفور خزانچی‘ نائب صدر ٹوبہ کیمپس ڈاکٹر فاروق خالد‘ نائب صدر دیپالپور کیمپس ڈاکٹر صفدر بشیر‘ کونسلرزڈاکٹر صفدر علی و دیگر نے شرکت کی۔رجسٹرار طارق محمود گل نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر انس سرور قریشی کی معاونت کے فرائض سر انجام دیے ۔

متعلقہ عنوان :