قائد حزب اختلاف شہباز شریف سے وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان کی ملاقات

ہفتہ 12 جون 2021 17:56

قائد حزب اختلاف شہباز شریف سے وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر ..
اسلام آباد۔12جون  (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔12 جون 2021ء ) :پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف سے آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان  نے  اسلام آباد میں ملاقات کی۔وزیر اعظم آزاد کشمیر میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف نے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر کی قیادت میں آزاد جموں و کشمیر اور وہاں کے عوام کی ترقی کے لئے کاوشوں کو سراہا۔

وزیراعظم راجہ فاروق حیدر اور ان کی ٹیم نے کورونا وبا سے عوام کو بچانے کے جس محنت اور جذبے سے کام کیا، وہ لائق تحسین ہے۔آزاد جموں و کشمیر کے عوام نواز شریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) پر ایک بار پھر اپنے اعتماد کا اظہار کریں گے۔شہباز شریف نے کہاکہ ایل او سی کے دونوں طرف کے کشمیری پاکستان مسلم لیگ (ن) کو اپنا حقیقی ترجمان، کشمیریوں کے مفادات اور نظریے کا امین سمجھتے ہیں،مقبوضہ جموں و کشمیر کے بہادر عوام کی اپنے ناقابل تنسیخ حق استصواب رائے کے حصول اور آزادی تک ان کے شانہ بہ شانہ تھے، ہیں اور رہیں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان نے پارٹی صدر کو آزاد جموں و کشمیر کے بجٹ اور ترقیاتی کاموں کے بارے میں آگاہ کیا،وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے پارٹی صدر کو آزاد جموں و کشمیر میں انتخابات کے حوالے سے انتظامات اور تیاریوں کی صورتحال کے بارے میں بتایا،وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے  انتخابات میں پارٹی امیدواروں سے متعلق امور پر بھی پارٹی صدر سے تبادلہ خیال کیا۔