بجٹ میں دئیے گئے تمام ہندسوں کا آپس میں کوئی ربط نہیں ہے،سید ناصر شاہ

یقین ہے کہ یہ بجٹ نالائق حکومت کے دیگر بجٹ کی طرح صرف عوام کے جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہوگا،وزیراطلاعات سندھ ایم کیو ایم کی جانب سے احتجاج کی کال دینا ایم کیو ایم کے سابق قائد الطاف حسین کی سندھی مہاجر لڑائو اور سیاست کرو کی پالیسی کا تسلسل ہے،سعید غنی

ہفتہ 12 جون 2021 18:37

بجٹ میں دئیے گئے تمام ہندسوں کا آپس میں کوئی ربط نہیں ہے،سید ناصر شاہ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2021ء) صوبائی وزراء سید ناصر حسین شاہ اور سعید غنی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کا بجٹ میں دئیے گئے تمام ہندسوں کا آپس میں کوئی ربط نہیں ہے اور ہمیں یقین ہے کہ یہ بجٹ میں گذشتہ موجودہ نااہل اور نالائق حکومت کے دیگر بجٹ کی طرح صرف عوام کے جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہوگا۔ وفاقی حکومت کی سندھ دشمنی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اس سال بجٹ میں سندھ کے لئے رکھی اسکیموں کو ایک کمینی کے معرفت مکمل کیا جائے گا جبکہ دیگر کسی صوبوں میں ایسا نہیں ہے۔

مردم شماری پر سندھ کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں پر ہم کسی صورت خاموش نہیں بیٹھیں گے اور وفاق میں وزارتوں کے مزے لینے والے نفیس لوگوں اور سندھ کے دعویداروں نے مردم شماری پر سودا کرلیا ہے۔

(جاری ہے)

موجودہ وفاقی حکومت کے رویوں سے وفاق اور صوبوں کے مابین دوریاں پیدا ہورہی ہیں۔سید خورشید شاہ کے بیٹے رکن سندھ اسمبلی فرخ شاہ کے خلاف نیب نیازی گٹھ جوڑ کی شدید مذمت کرتے ہیں کیونکہ چند روز قبل خود نیب کے پروسکیوٹر نے سپریم کورٹ میں خود بیان دیا ہے کہ ہم نے خورشید شاہ کے خلاف تمام انویسٹی گیشن اور تحقیقات مکمل کرلی ہیں اور جلد ریفرنس فائل کردیں گے، اس بیان کے بعد اسی کیس میں فرخ شاہ کی گرفتاری پیپلز پارٹی اور اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ موجودہ نااہل اور نالائق حکومت کی دشمنی کو واضح کرتی ہے۔

15 جون کو سندھ کی قوم پرست جماعتوں اور دوسری جانب ایم کیو ایم کی جانب سے احتجاج کی کال دینا ایم کیو ایم کے سابق قائد الطاف حسین کی سندھی مہاجر لڑائو اور سیاست کرو کی پالیسی کا تسلسل ہے اور خدشہ ہے کہ ایم کیو ایم اپنی سیاسی شاخ کو بچانے کے لئے ایک بار پھر سندھ میں سندھ مہاجر فسادات کروانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ان دونوں وزراء نے ہفتہ کے روز سندھ اسمبلی کے آڈیٹوریم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

صوبائی وزیر اطلاعات و بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ وفاقی بجٹ کے اعداد و شمار اس بجٹ کو الیکشن مہم کا حصہ ثابت کررہے ہیں اور ایسا محسوس ہورہا ہے کہ موجودہ حکومت چاہتی ہے کہ اس سال الیکشن ہوجائیں۔ انہوںنے کہا کہ بجٹ کے اعداد و شمار کا آپسی کوئی ربط نظر نہیں آرہا ہے۔ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ موجودہ بجٹ کے بعد ہمیں قوی امید ہے کہ نہ صرف منی بجٹ بھی آئے گا بلکہ ایک سے دو ماہ میں آئی ایم ایف بجٹ بھی یہی حکمران پیش کریں گے۔

انہوںنے کہا کہ اس بجٹ میں عام عوام کو کسی قسم کی کوئی ریلیف نہیں دی گئی ہے اور مہنگائی کے تناسب میں تنخواہوں میں صرف 10 فیصد کا اضافہ ان کے ریکوری اور زرمبادلہ کے ذخائز میں اضافے کے دعوئوں کی قلعی کھول رہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ ہم پر سندھ کارڈ کا الزام لگانے والے دراصل سندھ کا معاشی قتل عام کررہے ہیں اور این ایف سی ایوارڈ ہو یا پانی کا معاملہ ہو، گیس کی فراہمی ہو یا بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ ان سب پر سندھ کے خلاف سازشیں ہورہی ہیں۔

انہوںنے کہا کہ سندھ کے ترقیاتی منصوبوں میں کٹوتی اور جو منصوبے دئیے گئے ہیں انہیں ایک کمپنی کے ذریعے کروا کر جو سندھ دشمنی کا ثبوت دیا جارہا ہے وہ سب کے سامنے عیاں ہے۔انہوںنے کہا کہ مردم شماری پر بھی وفاق نے یوٹرن لیا اور وعدے کے مطابق 5 فیصد سندھ میں مردم شماری کو چیک کرنے کی بجائے اس اشیو پر بھی سندھ کے خلاف فیصلہ کیا ہے۔ اس موقع پر وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے کہا کہ موجودہ نالائق اور نااہل حکومت نے سندھ دشمنی میں جہاں بجٹ میں سندھ کے خلاف زیادتیوں کا سلسلہ جاری رکھا ہے وہاں نیب نیازی گٹھ جوڑ کے تحت پیپلز پارٹی کے رہنمائوں اور منتخب ارکان اسمبلیوں کے خلاف بھی کارروائیوں کا سلسلہ تیز کیا گیا ہے۔

انہوںنے کہا کہ دو سال سے قید و بند کاٹنے والے سید خورشید شاہ کے خلاف نیب آج تک ریفرنس دائر نہیں کرسکی اور 4 جون کو سپریم کورٹ میں نیب کے پروسیکیٹورنے خود کہا ہے کہ ہماری اس حوالے سے انکوائری اور انویسٹی گیشن مکمل ہوگئی ہے اور ہم جلد ریفرنس دائر کردیں گے اور دوسری جانب اسی کیس میں ان کے بیٹے اور رکن سندھ اسمبلی سید فرخ شاہ کو نیب نے یہ کہہ کر آج گرفتار کیا ہے کہ ہمیں ان سے انکوائری کرنی ہے۔

سعید غنی نے کہا کہ ایک جانب انکوائری مکمل ہونے کا اعلیٰ عدلیہ میں جواب دائر کیا جارہا ہے تو دوسری جانب اسی کیس میں انکوائری کے نام پر ایم منتخب رکن سندھ اسمبلی کو گرفتار بھی کیا جارہا ہے۔ یہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ اس وقت ملک میں نیب نیازی حکومت کے ماتحت ادارہ بن گیا ہے اور وہ حکومت کی ایماء پر پیپلز پارٹی اور اپوزیشن جماعتوں کے خلاف جھوٹے کیسز بنا رہا ہے۔

سعید غنی نے مزید کہا کہ جن حکومتی کرپشن کی باقاعدہ رپورٹس موجود ہیں، جن میں پی ٹی آئی کے وزراء سمیت خود وزیر اعظم ملوث ہیں اس پر نیب خاموش ہے۔ انہوںنے کہا کہ نیب حکومت کی ایماء پر پی ٹی آئی والوں کو این آر او جبکہ پیپلز پارٹی کو انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے۔ انہوںنے کہا کہ مردم شماری کے معاملے پر ایم کیو ایم جو اپنے آپ کو کراچی سمیت سندھ کی دعویدار کہتی ہے اس نے اس صوبے کے عوام کے ساتھ غداری کی اور وزارتوں کے لئے عوام کے حق پر ڈاکہ ڈالا ہے۔

انہوںنے کہا کہ پیپلز پارٹی کا مردم شماری پر پہلے روز سے موقف واضح ہے کہ یہ سندھ کے ساتھ ناانصافی ہے اور آج بھی ہم نے پارلیمنٹ کا جوائنٹ سیشن بلا کر اس معاملے کو پارلیمنٹ میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ اپنے آپ کو کراچی کا دعویدار کہنے والے اپنی یوسیز میں جاکر کام کرواتے ہیں لیکن صوبے کے لئے کاموں کی مخالفت کررہے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ اپنے آپ کو سندھ ،ے دعویدار قرار دینے والے وزراء سومرو اور بدین سے تعلق رکھنے والی خاتون وزیر نے لوڈشیڈنگ یا گیس کی قلت پر ایک بار بھی اگر اسمبلی کے فلور یا جس کابینہ کا وہ حصہ ہیں وہاں آواز بلند نہیں کی ہے۔ انہوںنے کہا کہ صوبہ سندھ کے ووٹوں پر منتخب ہوکر وفاق میں وزارتوں کے مزے لینے والے صوبے میں گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ پر خاموش ہیں۔

اس موقع پر مختلف سوالات کے جوابات میں صوبائی وزراء نے کہا کہ موجودہ وفاقی حکومت کے رویوں سے وفاق اور صوبوں کے مابین دوریاں پیدا ہورہی ہیں۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان کے عوام کی جیبوں سے موجودہ حکومت نے تین سالوں کے درمیان ایک ہزار ارب روپے کا ڈاکہ ڈالا ہے اور اس سال کے بجٹ میں صرف پیٹرولیم لیوی کی مد میں 600 ارب روپے کا ڈاکہ ڈالنے کا پروگرام بنایا ہے۔

انہوںنے کہا کہ اس بجٹ کا پوسٹمارم آئندہ چند روز میں ہوجائے گا۔ ایک سوال پر انہوںنے کہا کہ آئندہ کا کوئی فیصلہ ماضی کے ٹریک ریکارڈ کو دیکھ کر لگایا جاتا ہے اور ان نالائق حکمرانوں کا ماضی کا 3 سالہ ٹریک ریکارڈ اس بات کی گواہی دیتا ہے کہ جو بھی دعوے اور ہندسہ انہوںنے اس بجٹ میں رکھیں ہیں وہ صرف دعوے ہی ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوںنے کہا کہ بحریہ ٹائون میں جو کچھ ہوا وہ غلط ہوا، کچھ تنظیموں نے بحریہ ٹائون کے حوالے سے احتجاج کا اعلان کیا اور ہم احتجاج کو آئینی حق تصور کرتے ہیںاور ہم نے اس احتجاج میں کسی قسم کی کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی لیکن ایک سازش کے تحت اس احتجاج میں سرپسندوں نے جو آگ لگانے کے کیمیکل سمیت دیگر سے لیس تھے انہوںنے وہاں نہ صرف آگ لگائی بلکہ لوٹ مار بھی کی اور اس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں اور اس کی تحقیقات کی جارہی ہیں اور اس میں جو بھی ملوث ہوگا اس کے خلاف دہشتگردی کے تحت کارروائی ہوگی اور جو بے گناہ لوگ ہیں ان کو رہائی ملے گی۔

انہوںنے کہا کہ اب 15 جون کو ایک بار پھر ایم کیوایم نے سندھ کی کچھ جماعتوں کے احتجاج کے اعلان کے خلاف احتجاج کی کال دی ہے اور یہ وہی روش ہے جو ماضی میں ان کے قائد الطاف حسین نے اپنی سیاست کے لئے لسانیت کو فروغ دیا اور مہاجر، سندھی، مہاجر بختون اور دیگر قومیتوں کو مہاجروں سے لڑوایا اور سیاست کی۔ انہوںنے کہا کہ بحریہ ٹائون واقعہ کے بعد ایم کیو ایم والوں نے وہاں جاکر جو تعصب پھیلایا اور اب 15 جون کو احتجاج کرکے وہ ایک بار پھر اس شہر اور صوبے کو لسانی فسادات کی پھینٹ چڑھانے کی سازشیں کررہے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ میں سندھ کے غیور سندھیوں، مہاجروں، دانشوروں اور سندھ صوبے سے محبت کرنے والوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ایم کیو ایم کی اس سازش کو کامیاب نہ ہونے دیں ورنہ جو امن کراچی میں قائم ہوا ہے وہ دوبارہ یہ خراب کردیں گے۔