سعودی وزیر خارجہ کا شاہ محمود قریشی کو ٹیلیفون ، دو طرفہ تعاون اور باہمی دلچسپی کے علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال

ہمیں صورت حال کی نزاکت کا بخوبی علم ہے ،ہمیں سعودی قیادت کی جانب سے مفاد عامہ میں کیے گئے فیصلوں پر مکمل اعتماد ہے ، شاہ محمود قریشی

ہفتہ 12 جون 2021 19:55

سعودی وزیر خارجہ کا شاہ محمود قریشی کو ٹیلیفون ، دو طرفہ تعاون اور باہمی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2021ء) سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو ٹیلی فون کیا جس میں دوطرفہ تعلقات، مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون اور باہمی دلچسپی کے علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ اور گہرے تعلقات کے حوالے سے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پاکستانی قیادت کی جانب سے سعودی فرمانروا, خادم الحرمین الشرفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کیلئے نیک خواہشات کے پیغامات پہنچائے۔سعودی وزیر خارجہ نے 2021 میں حج کے انتظامات کے حوالے سے درپیش چیلنجز اور سعودی حکومت کی جانب سے عوامی مفاد میں اٹھائے گئے اقدامات سے وزیر خارجہ کو آگاہ کیا ۔

(جاری ہے)

شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ہمیں صورت حال کی نزاکت کا بخوبی علم ہے اور ہمیں سعودی قیادت کی جانب سے مفاد عامہ میں کیے گئے فیصلوں پر مکمل اعتماد ہے - دونوں وزرائے خارجہ نے وزیر اعظم عمران خان کے کامیاب دورہ سعودی عرب کے دور رس اثرات پر بھی تبادلہ خیال کیا،دونوں وزرائے خارجہ نے دونوں ممالک کی قیادت کی جانب سے کیے گئے مشترکہ فیصلوں پر جلد عملدرآمد کو یقینی بنانے پر اتفاق کیا ۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سعودی عرب کی سالمیت کے حوالہ سے پاکستان کی حمایت کا یقین دلایا ۔پاکستان اور سعودی عرب کے مابین گہرے برادرانہ تعلقات کے باعث دونوں وزرائے خارجہ کے مابین راوبط کا سلسلہ تواتر سے جاری رہتا ہے ،دونوں وزرائے خارجہ کی مئی دو ہزار اکیس میں دو مرتبہ ملاقات ہوئی ،پہلی ملاقات وزیر اعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کے دوران جبکہ دوسری، فلسطین کے حوالے سے منعقدہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے ہنگامی اجلاس کے موقع پر ہوئی۔