بلاول اور شہباز شریف اپنی قیادت میں بجٹ تقریر کے دوران ہنگامہ آرائی اور ہلڑ بازی کرواتے رہے، فرخ حبیب

انتہائی اہم موقع پر عوام کی بہتری اور ملک کی ترقی کے حوالے سے بجٹ کا ایک لفظ بھی نہیں سنا، وزیر مملکت برائے اطلاعات

ہفتہ 12 جون 2021 19:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2021ء) وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ بلاول اور شہباز شریف اپنی قیادت میں بجٹ تقریر کے دوران ہنگامہ آرائی اور ہلڑ بازی کرواتے رہے، انتہائی اہم موقع پر عوام کی بہتری اور ملک کی ترقی کے حوالے سے بجٹ کا ایک لفظ بھی نہیں سنا۔ ہفتہ کو کا بلاول زرداری کے بیان پر ردعمل اور اپنے ٹویٹ میں وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے 40سے 60لاکھ گھرانوں کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کیلئے کامیاب پاکستان پروگرام شروع کیا ہے ،جس کے تحت ہر گھرانے کو کاروبار کیلئے 5 لاکھ بغیر سود قرض فراہم کرینگے،کاشت کار کو ہر فصل کے لئے بغیر سود 1.5 لاکھ، مشینری2 لاکھ قرض بلاد سود فراہم کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو پسے ہوئے طبقات کا احساس ہے، اسی لئے احساس کیش پروگرام، سالانہ 50 ہزاراحساس انڈر گریجوایٹ سکالرشپس، لنگر خانے، پناہی گاہیں قائم کیں، ان کی ہدایات پراحساس پروگرام میں 210 ارب کو بڑھا کر 260 ارب کردیا گیا ہے جو 24 فیصد اضافہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تنخواہ لینے والے پر کوئی نیا ٹیکس نہیں،کم سے کم اجرت 20ہزارمقرر کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ویدہولڈنگ ٹیکس40 فیصد تک کم سیلز ٹیکس اور فیڈرل ایکسائز ٹیکس میں بھی ریلیف فراہم کیا گیا، 850 سی سی تک کی گاڑیوں پر فیڈرل ایکسائز ٹیکس ختم اور سیلز ٹیکس کو کم کرکے 12.5فیصد اور VAT ختم کردیا گیا، ویدہولڈنگ ٹیکس کوبینکاری لین دین ، اسٹاک ایکسچینج ، ٹریولنگ ، موبائل فون )کمی( معدنیات ، کریڈٹ کارڈز سے ختم کردیا گیا،آئل فیلڈ اورسیاحت کے شعبے میں ویدہولڈنگ ٹیکس میں کمی کی گئی۔

وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ الحمدللہ وزیراعظم عمران خان کی نیت صاف ہے اللہ تعالی کی طرف سے برکت آرہی ہے۔ اپریل 2021 میں بڑی صنعتوں (LSM) کی پیداوار میں 68فیصد اضافہ ہوا۔ جولائی تا اپریل 2021 پہلی10 ماہ میں 12.84 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت، ایکسپورٹ اور پیداوار کی بنیاد پر پائیدار ترقی کررہی ہے۔